پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور آئینی حقوق حاصل ہیں، ملکی ترقی میں ان کا کردار قابل تعریف ہے، محمد طارق وزیر

ہفتہ 11 اگست 2018 19:59

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں آزاد اور خود مختار ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی اور آئینی حقوق حاصل ہیں، ملکی ترقی میں اقلیتوں کا کردار قابل تعریف ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینارٹی ڈے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں میںعمران گوندل ، یاسر اصغر مونگا، فراز عباس، عامر حسین ہاشمی سمیت بورڈ افسران و اقلیتی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،محمد طارق وزیر نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق پاکستان میں رہنے والی اقلیتیں بھی پاکستانی ہیں اور آج پارلیمینٹ سمیت ہر سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں انہیں بھر پورنمائندگی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بور ڈ طاہر احسان نے اقلیتوں کی خدمت کے لیے خصوصی احکامات دئیے ہیں، پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں اور اس پر ہمیںفخر ہے، اقلیتوں کو جو مراعات اور عزت یہاں حاصل ہے کسی اور ملک میں نہیں،سردار بشن سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے ،گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اقلیت نواز ہے ۔

ہم اسکی حرمت پر اپنی جان قربان کر دیں گے، ہندو رہنماء ڈاکٹر منورچاند اور مسیحی رہنماء بشپ شاہد معراج سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤں نے بھی اپنے خطاب میں پاکستانی ہونے پر فخر اور خصوصی مراعات دینے پر حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور ملک و قوم کی بقاء کیلئے متحد رہنے کا عزم کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں