لاہور،تحریک پاکستان میں علماء و مشائخ اہل سنت کے کردار کو شامل نصاب کیا جائے، شاہ محمد اویس نورانی

عمران خان ناکام ترین وزیراعظم ثابت ہو گا، دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن جلد بنایا جائے،متحدہ اپوزیشن میں کسی مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں،ترجمان ایم ایم اے

ہفتہ 11 اگست 2018 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان میں علماء و مشائخ اہل سنت کے کردار کو شامل نصاب کیا جائے۔ قرارداد مقاصد پر عمل ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے نفاذ نظام مصطفے ناگزیر ہے۔

استحکام وطن کے لئے استحکام جمہوریت ضروری ہے۔ قائداعظم نے میرے دادا عبدالعلیم میرٹھی کو سفیر اسلام کا لقب دیا تھا۔ یوم آذادی کے موقع پر پوری قوم تحفظ نظریہ پاکستان کا عہد کرے۔ الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں نے قائداعظم کے پاکستان کا چہرہ مسخ کیا ہے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم آذادی کی تیاریوں کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے آئینی اداروں کا اپنی حدود میں رہنا ضروری ہے۔ یوم آذادی تجدید عہد کا دن ہے۔ جے یو پی 14 اگست کو ملک بھر میں استحکام پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کرے گی اور ہر شہر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ پاکستان کے تحفظ، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے سول بالادستی کے راستے کی ہر رکاوٹ کو پاش پاش کرنا ہو گا۔

حقیقی جمہوری قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ عمران خان نے نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔ قوم کو تبدیلی کا خواب دکھانے والے دھوکے باز ہیں۔ نئے پاکستان کے نعرے کی اصل حقیقت بہت جلد کھل جائے گی۔ عمران خان ناکام ترین وزیراعظم ثابت ہو گا۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن جلد بنایا جائے۔ متحدہ اپوزیشن میں کسی مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں