تمام اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہب پر عمل کرنے اپنے رسوم و رواج کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے ‘اسد اللہ

ہفتہ 11 اگست 2018 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور اقلیتی حقوق کمیشن کے سربراہ اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی ترجمانی کی ہے ہم منارٹیز کو اقلیتی برادری کی بجائے پاکستانی برادری کہتے ہیں اور انہیں اپنابھائی سمجھتے ہیں ،تمام اقلیتوں کو پاکستان میں اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اپنے رسوم و رواج کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے ۔

(جاری ہے)

اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ قرآن و سنت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خاص طور پر تلقین کی گئی ہے ۔ پاکستان کے دستور اور ملکی قوانین میں اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیاہے ۔ اقلیتیں ہمارے محب وطن شہری ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اقوام متحدہ کو اس طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے خاص طور پر فلسطین ، کشمیر ، میانمار میں انسانی حقوق کی شدید پامالی ہورہی ہے ۔ بھارت اور اراکان میں مسلم اقلیت پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں جبکہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ مسلمانوں کو تحفظ دینے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں