پاکستان کا 72واں یوم آزادی (کل) ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا

صبح کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوگا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائیگی،خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا

اتوار 12 اگست 2018 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان کا 72واں یوم آزادی کل 14اگست بروز( منگل ) ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا ۔ دن کی مناسبت سے صبح کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوگا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ،ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اورسیمینارز کا انعقاد کیا جائے گیا جس میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح سمیت دیگر اہم شخصیات کی جدوجہد آزادی کے لئے انتھک کوششوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کل 14اگست کو ملک کے 72ویں یوم آزادی کو شایان طریقے سے منانے کیلئے تیاری عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کے علاوہ انہیں برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے ۔ 14اگست کو تمام سرکاری اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی ۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

لاہور کے واہگہ بارڈر اور قصور کے گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریبات ہوں گی جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک ہوں گے ۔ عوام نے بھی 14اگست منانے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ گھروں پر قومی پرچم لہرا دئیے گئے ہیں جبکہ گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے ۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 14اگست کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔ داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر انہیں ہائی الرٹ رکھا گیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں