جماعت اسلامی کے سینکڑوںادارے معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہود کیلئے کام کر رہے ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

الیکشن میں ہار سے ہمارا کارکن مایوس نہیں خدمت خلق کے ذریعے مثبت تبدیلی کی راہیںہموار کریں گے‘امیر جماعت اسلامی لاہو ر

اتوار 12 اگست 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے سینکڑوں ادارے لاہور سمیت ملک بھر میں معاشرے کے محروم طبقات کی تعلیم و صحت اور انسانی بنیادی سہولیات زندگی اور ان کی فلاح و بہود کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے مقامی ہوٹل میں چرم ہائے قربانی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں شہر بھر سے آئے ہوئے کارکنان اور ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امیرجماعت اسلامی لاہور ، ضیاء الدین انصاری، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد ، سید عبدالرشید ، حاجی الریاض الحسن ، اے کاشف ،محمدشفیق ملک ، احمد سلمان بلوچ و دیگر ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابات میں اسٹبلشمنٹ نے ایک پارٹی کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے ، الیکشن میں سیاسی پارٹیوں اور امیدواران نے الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانی کی طرح پیسہ بہایا ہے ، کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں نے ملک میں کرپشن کے کلچر کو فروغ دیا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس میں بھی ووٹ جیسی امانت کو فروخت کرنے کا رجحان آگے بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار کے بعد ہمارا کارکن مایوس نہیں بلکہ پر عزم ہے اس ملک میں انشاء اللہ ہم خدمت خلق کے ذریعے مثبت تبدیلی کی راہیں ہموار گے اور عوام کے دل جیتیں گے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اب بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری ہمارا اگلا ٹارگٹ ہے ،تمام ارکین ، کارکنا ن اور ورکرز اس کی تیاری کریں اور عید قربان پر اپنی خوشیاں قربان کر کے غریب لوگوں کی خوشیاں میں شامل ہو جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غریب اور مستحق مسلمان بہن بھائیوں کی غمگسار ی کا کام خدمت خلق کے ذریعے کر رہی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن جذبہ خدمت انسانیت کے تحت رنگ و نسل ، مذہب اور علاقیت سے بالاتر ہو کر کام کررہی ہے ۔ اجلاس میں سال 2017ء چرم قربانی مہم سے حاصل ہونے والے رقم کے بارے میں مکمل بریفنگ ذمہ داران کو دی گئی اورالخدمت فائونڈیشن سمیت شہر لاہور میں دیگر اداروں کی سالانہ رپورٹس اورکارکردگی کا جائزہ کارکنان اور ذمہ داران کے سامنے پیش کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں