نئی حکومت کو کارپٹ انڈسٹری کی ترقی کیلئے تجاویز دینے کیلئے جامع ڈرافٹ کی تیاری شروع کردی ‘ لطیف ملک

اتوار 12 اگست 2018 16:40

لاہور۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے نئی آنے والی حکومت کو کارپٹ انڈسٹری کی ترقی کیلئے تجاویز دینے کی غرض سے جامع ڈرافٹ کی تیاری شروع کردی ،حکومت دیہی خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے منصوبے شروع کرے اور کارپٹ انڈسٹری اس کیلئے موثر ترین ذریعہ ہے جس سے 60فیصد خواتین کو ان کے گھر کی دہلیز پر روزگار میسر آ سکتا ہے ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے اکتوبر میں منعقدہ کارپٹ کے میگا ایونٹ کی کامیابی کے لئے ہر طرح سے معاونت کی جارہی ہے جس پر ان کے مشکور ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک نے لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی 36ویں عالمی نمائش میں سٹالز لگانے کے خواہشمند نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان ، ممبر ایگزیکٹو و کوارڈی نیٹر ریاض احمد، میجر (ر) اختر نذیر بھی موجود تھے ۔ریاض احمد نے ملاقات کے لئے آنے والے وفد کو نمائش میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور غیر ملکی خریداروں سے رابطوں بارے بھی آگاہ کیا ۔

لطیف ملک نے شرکاء کو بتایا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے کارپٹ انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن حکومتی سر پرستی کے بغیر سو فیصد نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ۔ملک اور قوم کیلئے نئی آنے والی حکومت کے دروازے پر دستک دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے تجاویز پر مبنی جامع ڈرافٹ کی تیاری شروع کر دی ہے جسے انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ اکتوبر میں منعقدہ میگا ایونٹ کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس کیلئے سیکرٹری ٹڈیپ اور ڈائریکٹر جنرل میاں ریاض کی جانب سے بھرپور معاونت فراہم کی جارہی ہے جس پر ان کے مشکور ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں یہ تعاون جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں