ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کیلئے چیلنج ،مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،حامدرضا

اتوار 12 اگست 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے۔ مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مغرب میں پھیلتا گستاخانہ کلچر عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرے۔ اقوام متحدہ مقدس شخصیات کی توہین روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے۔ سنی اتحاد کونسل گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف ہالینڈ کی حکومت، مسلم حکمرانوں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور عالمی اداروں کو احتجاجی خطوط ارسال کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ میں علماء و مشائخ کے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے۔ امت مسلمہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ہماری زندگیاں ناموس رسالت کی امانت ہیں۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں کو آگ لگانے کے مترادف ہے۔ مغربی طاقتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول سے خائف ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کا وفد اسلام آباد میں سفیروں سے ملاقات کر کے انھیں گستاخانہ خاکوں کی نمائش سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کرے گا۔ پاکستانی حکومت نے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان پر احتجاج نہ کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہالینڈ کی حکومت امن دشمن انتہا پسند عناصر کی گستاخانہ سرگرمیوں کو روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔ ناموس رسالت کا تحفظ ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔

ہالینڈ کی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ آذادی اظہار کی آڑ میں ناموس رسالت پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ آذادی اظہار کی حدود و قیود کا تعین کیا جائے۔ اجلاس سے صاحبزادہ حسین رضا، مفتی محمد حسیب قادری، علامہ نعیم جاوید نوری، مفتی مقیم خان، مولانا محمد اکبر نقشبندی، پیر معاذ المصطفے قادری، علامہ حامد سرفراز، حاجی رانا شرافت علی قادری، تاؤ حسیب احمد، پیر میاں غلام مصطفے،پیر طارق ولی چشتی نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں