ناموس رسالت کا تحفظ ایمان کا بنیادی تقاضا ہے،شاہ محمد اویس نورانی

عمران خان گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھا رہا اشتعال انگیز کاروائیوں کے ذریعے مسلمانوں کو امن کے راستے سے ہٹانے کی سازش کی جا رہی ہے،ترجمان ایم ایم اے

اتوار 12 اگست 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ہالینڈ میں پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کا نوٹس لے۔ عالمی سطح پر تمام مذاہب کی مقدس شخصیات کی گستاخی کے سدباب کے لئے سخت قوانین بنائے جائیں۔

ناموس رسالت کا تحفظ ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنے والے امت مسلمہ کے مجرم ہیں۔ عمران خان گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھا رہا۔ اشتعال انگیز کاروائیوں کے ذریعے مسلمانوں کو امن کے راستے سے ہٹانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ تہذیبوں کا تصادم روکنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گستاخانہ خاکوں کی نمائش سے بڑھ کر کوئی انتہا پسندی نہیں ہو سکتی۔

جے یو پی گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف ہر سطح پر بھرپور احتجاج کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔ مغرب میں رہنے والے امن پسند طبقات گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ انتہا پسندانہ عمل عالمی امن کو آگ لگانے کے مترادف ہے۔

کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہیں۔ ہم ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کر سکتے ہیں۔ پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کرے۔ مغرب امت مسلمہ کے صبر کا مزید امتحان نہ لے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش نہ روکی گئی تو عالمی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے اس لئے اقوام متحدہ اور عالمی ادارے نمائش رکوانے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ مسلم حکمران بھی بے حسی چھوڑ کر گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف مشترکہ آواز بلند کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں