ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت مسلمانوں کے ایمان پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے،میاںمحمد اویس

اتوار 12 اگست 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاںمحمد اویس نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت مسلمانوں کے ایمان پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے۔ خاکے بنانے والے امن کے دشمن ہیں۔ خاکوں کی اشاعت سے حالات خراب ہو نے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اپنے آقائے کریم ﷺ کے ناموس کے تحفظ کیلئے پوری قوت ایمانی کیساتھ اٹھ کھڑی ہو اور اس شیطانی عمل کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران عالمی سطح پر تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے قانون سازی کروائیں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی تہذیب ڈیڑھ ارب افراد کے دینی جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

جبکہ مادر پدر آزاد ممالک میں دو طرفہ رضا مندی کے بغیر کسی کو چھونے سے بھی سزا ہوتی ہے لیکن توہین آمیز خاکے بنانیوالے اپنے شیطانی عمل سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری کررہے ہیں اور اقوام متحدہ ان کے اس مفسدانہ عمل کو روکنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کررہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلم ممالک مل کر اس فتنے کے خلاف آواز بلند کریں اور مضبوط حکمت عملی کے ذریعے گستاخانوں خاکوں کی اشاعت رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے علماء و خطباء سے اپیل کی کہ آنے والا جمعہ ’’یوم عشق رسولﷺ‘‘کے طور پر منائیں اور اپنے اپنے خطبات جمعہ میںمحبت رسولﷺکے حوالے سے بیان کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں