لاہور، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے،عالم اسلام ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرے خاکے بنانے والے امن عالم کے دشمن ہیںمسلم حکمران خاموشی توڑیں،سیکرٹری اطلاعات کا اجلاس سے خطاب

اتوار 12 اگست 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہورکے عہدیداران اور رابطہ کمیٹی کا اجلاس مرکزختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور میں قاری جمیل الرحمن اختر کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں مجلس کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا قاری علیم الدین شاکر،پیررضوان نفیس، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم، خطیب مرکزختم نبوت مولانا علامہ محبوب الحسن طاہر، مولانا خالدمحمود،حکیم راشدعمران، مولانا سعید وقار، حافظ حبیب الرحمن ودیگر علماء نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے۔عالم اسلام ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرے خاکے بنانے والے امن عالم کے دشمن ہیںمسلم حکمران خاموشی توڑیں اورناموس رسالت کے لیے جرأت مندانہ موقف اختیار کریں۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ امت مسلمہ اپنے آقائے کریم ﷺ کے ناموس کے تحفظ کیلئے پوری قوت ایمانی کیساتھ اٹھ کھڑی ہو اور اس شیطانی عمل کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے۔

قاری علیم الدین شاکر نے کہا کہ مسلم حکمران عالمی سطح پر تحفظ ناموس رسالت ﷺ کیلئے قانون سازی کروائیں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔علماء نے کہا کہ کوئی تہذیب ڈیڑھ ارب افراد کے دینی جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ جبکہ مادر پدر آزاد ممالک میں دو طرفہ رضا مندی کے بغیر کسی کو چھونے سے بھی سزا ہوتی ہے لیکن توہین آمیز خاکے بنانیوالے اپنے شیطانی عمل سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو خون کے آنسو رولا رہے ہیں اور اقوام متحدہ انکے اس مفسدانہ عمل کو روکنے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کررہی۔

علماء نے مزید کہا کہ اگر حکومت پاکستان نے اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوگی اور اسلامیان پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں