لاہور، ریلوے مسافر کے ساتھ جھگڑا کرنے والے ریلوے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف پاکستان ریلوے پولیس کا سخت ایکشن

اتوار 12 اگست 2018 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2018ء) انسپکٹر جنرل پا کستان ریلوے پولیس مجیب الرحمن خان نے ریلوے پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد اکمل کورائی کا شالیمار ایکسپریس میں مسافروں سے جھگڑنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا ۔تفصیل کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل محمد اکمل کورائی جو کہ تھانہ ریلوے پولیس روھڑی تعینات تھا۔دوران ڈیوٹی کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس 27/upمیں مسافروں کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔

کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس میں مسافروں کے ساتھ جھگڑنے اور مار پیٹ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان نے مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا اور متاثرین کی میڈیکل رپورٹ طلب کر لی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل اور اس کے ساتھیوں جن کا تعلق پولیس سے نہیں تھا ان کے خلاف مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنزشارق جمال خان نے معاملے کی تحقیقات کے لئے ایس پی ریلوے پولیس ملتان شاھد نواز کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ جس میں ریلوے پولیس کے انسپکٹر اسد عباس اور انسپکٹر افتخار شامل ہیں۔مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل کو خان پور سٹیشن پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔جبکہ تحقیقاتی ٹیم تین دن میں ڈی آئی جی آپریشنزکو رپورٹ پیش کرے گی۔اور یہی ٹیم مقدمے کی نگرانی کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں