صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں 71واں یوم آزادی کل شایان شان طریقے سے منایا جائے گا

ْلاہور سمیت صوبہ کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی اور پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی

پیر 13 اگست 2018 17:14

لاہور۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں وطن عزیز کا 71واں یوم آزادی کل 14اگست کو قومی جذبے ، بھرپور جوش وخروش ،تزک و احتشام اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت قرآن خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکا م ، آئین و قانون کی بالادستی ، اسلام کی سر بلندی،ملکی خوشحالی، قومی فلاح ، علاقائی تعمیر و ترقی ، اندرونی و بیرونی خلفشار سے نجات ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، اتحاد بین المسلمین کے فروغ ، دہشت گردی ، انتہا پسندی کے خاتمہ ، مہنگائی ، غربت ، بے روز گاری ، افرا تفری ، بد امنی ، قدرتی آفات سے نجات ، اتحاد و بھائی چارے ، اخوت و یگانگت کی فضا کے قیام کیلئے خصوصی دعائوں سے ہو گا،یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران طلباء و طالبات قومی ترانے و ملی نغمے پیش کریں گے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائیگا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں اہم چوراہوں ‘ شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قومی پرچم لہرا دئیے گئے، اسی طرح واپڈا ہائوس،الحمرا ہال،گورنر ہائوس ،پنجاب اسمبلی،ٹائون ہال،ریلوے اسٹیشن سمیت تمام سرکاری اور نجی عمارتوں کوقومی پرچموں اور برقی قمقموں سے مزین کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تما م سرکاری و نجی اداروں کی طرف سے پرچم کشائی کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،یوم آزادی پر صبح 8:58بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے اور ہر قسم کی ٹریفک سمیت جو شخص جہاں ہو گا فوری طور پر رک جائے گا جبکہ اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اورجوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔

اس موقع پر صوبائی دارالحکومت میں 21توپوں کی سلامی دی جائیگی، اہم شخصیات شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دیں گی ،پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی، پی ایچ اے کی طرف سے شہر کے تمام پارکوں اور تفریحی مقامات کو قومی پرچموں ، جھنڈیوں ، جھنڈوں اور رنگ برنگے غباروں سے سجا یا جا رہا ہے تاکہ خواتین، بچوں،جوانوں اور بوڑھوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور طریقے سے آزادی کی تقریبات منائیں، پاکستانی قوم اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بھر پور تیاریوں میں مصروف ہے ، یوم آزادی پر مختلف سرکاری، نیم سرکاری اداروں ،تعلیمی اداروں، سیاسی جماعتوں، این جی اوز سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے تقریبات اور سیمینار ز کے انعقاد کا انتظام کیا جائے گا ، صوبائی دارالحکومت لاہور کی مختلف چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز کے سجے سٹالوں پر لوگ جوش و خروش سے خریداری میں مصروف ہیں جبکہ بچوں،بڑوں کا جوش اس قدر دیدنی ہے،علاوہ ازیںلاہور میں مینار پاکستان کو جانے والی تمام سڑکوں،آزادی چوک،مینار پاکستان گرائونڈ کو سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے اور بڑی شاہرات پر بھی بڑے بڑے قومی پرچم آویزاں کئے گئے ہیں،اسی طرح شہرمیں چلنے والی تمام ٹرانسپورٹ مالکان اور شہریوں نے اپنی اپنی سواریوںپر سبز ہلالی پرچم لہرا دئیے ہیں۔

لوگوں نے اپنے گھروں، محلوں کو جھنڈیوں سے سجانے کے ساتھ ساتھ قومی پرچم بھی آویزاں کر دئیے ہیں۔نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں کی ٹینکیوں پر قومی پرچم کی پینٹنگز بنوا لی ہیں،گاڑیوں میں ملی نغمے کی دھنیں نوجوانوں کے جذبہ میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کے دن ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں کیونکہ یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں اور ہمارا سب کچھ اس وطن کی مٹی سے وابستہ ہے،یوم آزادی پر تمام ٹیلی ویژن اورریڈیونیٹ ورک پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیںگے جبکہ اخبارات میں یوم آزادی کو اجاگرکرنے کیلئے خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیے جائیںگے ، یوم آزادی پرتعلیمی اداروں میں ملی نغموں،تقریری مقابلوں کے علاوہ مختلف مقامات پرمشاعروں اور مباحثوں اور دیگر تقریبات کا بھی انعقاد ہوگا، جس میں تحریک آزادی کے قائدین کو سلام پیش کیا جائے گا اور آزادی کی خاطر دی گئی قربانیوں اور دیگر خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی،یوم آزادی کے موقع پربوڑھے افرادکاکہناہے کہ وہ یوم آزادی کے لمحات کو کسی پل نہیں بھولتے،انہیں ہرپل وہ لمحات یادرہتے ہیں ۔

یوم آزادی پر بچوں،جوانوں،بوڑھوں کا جوش و خروش اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کر دیں گے کہ وہ ایک زندہ قوم ہیں۔یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنی مٹی سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جس مقصد کے لئے ہمارے آبا--ؤاجدادنے قربانیاں دیں اور یہ ملک معرض وجود میں آیا وہ مقاصد حاصل ہوں، ہم مایوس یا ناامید نہیں ہیں، ہمیں قوی امید ہے کہ انشاء اللہ ہمارے آباؤاجداد کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر پوری ہوگی،امسال یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کیا جائے گا کہ ہمیں بحثیت قوم تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر وطن عزیز پاکستان کو مضبوط تر بنا نا ہوگا - اس موقع پراس بات کا بھی عہد کیاجائے گا کہ پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اوریہ سبزہلالی پرچم انشاء اللہ تا قیامت اسی طرح لہر اتا رہے گا ۔

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ پولیس افسران کو ہدا یات جاری کر دی گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں