نیلم جہلم پراجیکٹ کے چوتھے اور آخری یونٹ کو بھی نیشنل گرڈ سے منسلک کردیا گیا

پراجیکٹ کے چاروں یونٹ کمیشن ہوچکے ، اگلے ایک دو روز میں منصوبہ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا

منگل 14 اگست 2018 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2018ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چوتھے اور آخری یونٹ کو بھی کامیابی سے نیشنل گرڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔ مذکورہ یونٹ نے آزمائشی بنیاد پر بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے جو نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے۔ ٹیسٹ رًن کے دوران اِس یونٹ کو 242میگاواٹ تک مختلف لوڈ پر چلایا جائے گا ۔اس پیش رفت کے ساتھ ہی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چاروں یونٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکے ہیں اور توقع ہے کہ اگلے ایک دو روز میں منصوبہ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تین یونٹ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 726میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ منصوبہ اپنے افتتاح سے اب تک نیشنل گرڈ کو تقریباً 90کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرچکا ہے۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے نواحی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے چار پیداواری یونٹ ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 242اعشاریہ 25میگاو اٹ ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ سے ہر سال نیشنل گرڈ کو اوسطاً پانچ ارب یونٹ بجلی فراہم ہوگی۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 55ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں