لاہور چیمبر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب کا انعقاد

منگل 14 اگست 2018 15:20

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میںقومی ترانے کی دھن بجائی گئی ۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ، نائب صدر ذیشان خلیل، سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے پاکستان کا پرچم بلند کیا جس کے بعد تقریب کے شرکاء نے ملک و قومی کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید،سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشیداور نائب صدر ذیشان خلیل نے اپنے خصوصی پیغام میں ساری قوم کو پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بہترین لیڈرشپ ، دیانتداری اور فہم و دانش کی بدولت ہمیں ایک خود مختار وطن حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14اگست صرف ایک تقریب نہیں بلکہ تاریخ کا ایک اہم باب ہے کیونکہ اس روز برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جدوجہد کا صلہ ملا اور انہیں غیرملکی تسلط سے آزادی نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان لاکھوں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جن کی بدولت آج ہم ایک آزادملک کے باسی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے کافی ترقی کی ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کے لیے حکومت اور تاجروں سمیت تمام طبقات ہائے فکر کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں