ریلوے پولیس لائن لاہور میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب

منگل 14 اگست 2018 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) یوم آزادی کے موقع پر ریلوے پولیس لائن لاہور میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان تھے۔پرچم کشائی کی اس تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جواد احمد ڈوگر، ایس۔پی ریلوے لاہور ملک محمد عتیق اور ریلوے پولیس ملازمین اور ان کی فیملیز نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مہمان خصوصی آئی جی پاکستان ریلوے پولیس کی آمد پر بگل بجائے گئے جس کے بعد مہمان خصوصی نے پرچم کشائی کی۔ریلوے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔پرچم کشائی کے بعد آئی جی ریلوے پولیس نے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت نہایت ایمانداری اور سخت محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک مضبوط ہو اور کوئی دشمن ہماری سر زمین کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔

(جاری ہے)

ہماری افواج اور قوم میں ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔آئیں ہم سب عہد کریں کہ اس ملک کی حفاظت و ترقی کے لئے اور عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور ہم اس وطن کی خاطر اپنے تن من دھن کی قربانی سے بھی گریز نہیںکریں گے۔مزید انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے 71ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو بھی مبارکباد پیش کی اورر تحریک پاکستان کے تما م کا رکن ہائے کو بھی زبردست خراج عقیدت و تحسین پیش کیا ۔آخر میں آئی جی ریلوے پولیس نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور ریلوے پولیس لائن لاہور میں پینے کے صاف پانی کے لئے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر محکمہ ریلوے اور پاکستان کی ترقی کے لئے دعا بھی کروائی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں