قیام پاکستان کا مقصد من حیث القوم اسلام مخالف قوتوں سے آزادی حاصل کرنا اور دُنیا میں اپنی منفرد پہچان بنانا تھا‘ضیاء حیدر ضوی

پاکستانی قوم اپنے ملک اور اپنے اداروں کے ساتھ ہے اور ایسی کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جوقومی سا لمیت کیلئے خطرہ ہو ‘نگران صوبائی وزیر

منگل 14 اگست 2018 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) قیام پاکستان کا مقصد من حیث القوم اسلام مخالف قوتوں سے آزادی حاصل کرنا اور دُنیا میں اپنی منفرد پہچان بنانا تھا، مولانا فضل الرحمان جیسے لوگ جن کے آبا و اجدادالگ وطن کے تصور کو بلا جواز قرار دیتے رہے ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں،پاکستان برصغیر کے مسلمانوں پر اللہ کا احسان ہے اور یہ وہی لوگ جانتے ہیں جنھوں نے اس کے حصول کے لیے قربانیاں دیں ، آج جو لوگ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور جشن آزادی کے دن یوم سیاہ منانا چاہتے ہیں وہ اپنے لیے کوئی اور جگہ ڈھونڈ لیں،پاکستانی قوم اپنے ملک اور اپنے اداروں کے ساتھ ہے اور ایسی کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جوقومی سا لمیت کے لیے خطرہ ہو ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ و قانون ضیاء حیدر رضوی نے تہذیب الاخلاق ٹرسٹ کے زیر اہتمام علی گڑھ ہائر سیکنڈری پبلک سکول میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو منفی پروپیگنڈہ سے محفوظ رکھنے کے لیے قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہی ضروری ہے۔ یوم آزادی کو نئے ولولے اور جوش و خروش کے ساتھ منانے کی بڑی وجہ ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی اور قومی اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی ہے ۔

صوبائی وزیر نے تحریک پاکستان کے عظیم رہنماء سرسید احمد خان اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے تہذیب الاخلاق ٹرسٹ اور علی گڑھ سکول کو سرسید کے مشن کا تسلسل قرار دیا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سرسید احمد خان کا کارنامہ برصغیر کے مسلمانوں میں جدید علوم کے حصول کی تحریک پیدا کرنا تھا ۔ انگریزوں اور ہندئوں کے تسلط سے نجات حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں کی سائنسی علوم میں مہارت اس وقت کی اہم ضرورت تھی ۔

انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ حصول علم کو اپنا مقصد بنائیں ۔ اپنے والدین ، اساتذہ اور درسگاہوں کا احترام کریں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر ہمالہ شاہین خالد سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ تہذیب الاخلاق ٹرسٹ، مسز نرگس فاروق پرنسپل علی گڑھ (گرلز )سکول گلبرگ، ،مس شہلہ مشتاق پرنسپل علی گڑھ کالج، لیفٹیننٹ ریٹائرڈ کرنل محمد اسلم پرنسپل علی گڑھ گلبرگ (بوائز)سکول موجودتھے۔ تقریب میں طلبہ طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی بچوں نے وطن سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے مختلف ملی نغمے ، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں ۔ صوبائی وزیر نے بچوں کی بھر حوصلہ افزائی کی اور جشن آزادی کی پررونق تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں