ریلوے کاعید الاضحی پر مختلف شہروں سے پانچ سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

منگل 14 اگست 2018 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان ریلوے نے عید الاضحی کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیش نظر مسافروں کی سہولت کے لئے مختلف شہروں سے پانچ سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیاہے۔ جس کی چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے محمدآفتاب اکبر نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق پہلی سپیشل ٹرین 19اگست کو کوئٹہ سے صبح سات بجے روانہ ہوکر جیکب آباد، رحیم یارخان، ملتان ، لاہور اور لالہ موسیٰ سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر ایک بجکر تیس منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

دوسری سپیشل ٹرین 19اگست کوکراچی سٹی سے دن 10بجے روانہ ہوکر حیدرآباد، رحیم یارخان، ملتان ، فیصل آباد ،سرگودھا اور نوشہرہ سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات دس بجکر تیس منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔

(جاری ہے)

تیسری ٹرین 20اگست کو کراچی کینٹ سے دن 11بجے روانہ ہوکر حیدرآباد،روہڑی، خان پور، ملتان کینٹ اور سانگلہ ہل کے راستے اگلے روز شام سات بجکر15منٹ پر لاہور پہنچے گی۔

چوتھی ٹرین 21اگست کو راولپنڈی سے صبح سات بجے روانہ ہوکر حسن ابدال ،بوسال ، جنڈ، میانوالی ، دریاخان اور مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 10بجے ملتان کینٹ پہنچے گی۔ پانچویں سپیشل ٹرین 26اگست کو ملتان کینٹ سے صبح سات بجے روانہ ہوکر مظفر گڑھ، لیہ ، کُندیاں ، میانوالی ، اٹک سٹی اور حسن ابدال کے راستے اگلے روز رات 10بجے راولپنڈی پہنچے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں