وطن عزیز کادفاع ہم سب کا قومی و دینی فریضہ ہے‘ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

پوری قوم کو سبز ہلالی پرچم تلے جمع ہوکر ملک کے خلاف ہر قسم کی سازش کوناکام بنانا ہوگا‘ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ

منگل 14 اگست 2018 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) دارلعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ وطن عزیز کادفاع ہم سب کا قومی و دینی فریضہ ہے۔پوری قوم کو سبز ہلالی پرچم تلے جمع ہوکر ملک کے خلاف ہر قسم کی سازش کوناکام بنانا ہوگا۔مسائل کے حل اوربحرانوں سے نجات کیلئے قائدؒ اور اقبال ؒکے افکار سے رہنمائی حاصل کی جائے۔

موجودہ حالات کاتقاضاہے کہ حکمت اورتدبرسے ملکی معاملات کوآگے بڑھایا جائے ۔تحریک آزاد ی پاکستان میں علماء ومشائخ اہل سنت کی خدمات قابل قدر ہیں۔سنی بنارس کانفرنس میں مولاناسید نعیم الدین مرادآبادی ؒنے مسلم قوم میںآزادی کی روح کوبیدار کیا۔علماء اہل سنت وعوام پاکستان ملکی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وطن عزیز کودرپیش مسائل سے نکالنے کیلئے مشترکہ کاوشوںاور اجتمائی بصیرت سے آگے بڑھنا ہوگا ۔

خوشحا ل پاکستا ن کے قیام کیلئے قائدؒ اوراقبا لؒ کی فکر کو عام کیاجائے۔اغیارکی غلامی سے چھٹکار پانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔گروہی سیاست اورفرقہ واریت نے پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی کردیں،دشمن قوتیں ایک بارپھر ملک کی سلامتی و خود مختاری کومٹانے کے درپے ہیں۔دوباہ سراٹھاتی ہوئی دہشت گردی کی لہرتشویشناک ہے۔

دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ بعنوان ’’پیغام پاکستان‘‘کی روشنی میںقوم کی فکر ی رہنمائی کی جائے اورسیاسی ومذہبی رہنمائو ں پریہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تنازعات اوراختلافات کوہوا دینے کی بجائے افہام تفہیم اوراتحادواتفاق کی فضا پید ا کریں ۔ان خیالات کاانہوں نے گزشتہ روز نعیمین ایسوسی ایشن ،بزم نعیمیہ کے زیراہتما م جشن آزادی وپیغام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی سے مرکزی صدرپروفیسرظفراقبال نعیمی،مفتی انتخاب احمد نوری ، پروفیسر عبدالستار شاکر نے بھی خطاب کیا جبکہ جشن آزادی وپیغام پاکستان ریلی میں شیخ الحدیث علامہ غلام نصیر الدین چشتی ،مولانا محبوب احمدچشتی،مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی ،مفتی محمدعمران حنفی،مولانا غلام یاسین قادری،مفتی بلال فاروق نعیمی،مولانا احمدرضاسعیدی،قاری محمدرفیق نقشبندی، مولانا ذوالفقار احمدنعیمی ،ماسٹرضیاء الرحمان،حاجی محمد عمران،پیرفاروق احمد،مولانا ارشد جاوید رضا،حافظ محمدسلیم نعیمی،قاری محمدامین سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ کرام اورطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کاآغازصبح 8بجے جامعہ نعیمیہ میں تقریب پرچم کشائی کے بعدگڑھی شاہوسے ہوا،ریلی ریلوے اسٹیشن،لاری اڈا،آزادی چوک، داتادربار، ناصرباغ،مال روڈ، لاہورپریس کلب ،کوئین میری کالج سے ہوتے ہوئے چوک گڑھی شاہو پراختتام پذیر ہوئی،آخر میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے اور شہدا پاکستان کے لیے خصوصی دعاکرائی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں