آزادی کے موقع پر نئے جمہوری اداروں کا آغاز ہورہاہے ، عوام بڑی توقعات رکھتے ہیں ‘لیاقت بلوچ

عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ، کرپشن ، بدعنوانی ، ناجائز مراعات ، قدرتی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا خاتمہ ناگزیر ہے

منگل 14 اگست 2018 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان کا تصور دو قومی نظریہ کی بنیاد پر علامہ اقبال نے پیش کیا ، قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اس خواب کی تعبیر حاصل کرلی ، پاکستان قدرتی وسائل ، بہترین جغرافیہ اور لافانی نظریہ کا مالک ہے ۔

این اے 130 میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ، خوشحال اور ماڈل ریاست بنانے کے لیے زندہ ، باوقار ، بیدار قوم کی حیثیت سے احساس ذمہ داری امانت و دیانت اور فرض شناسی سے کردار ادا کرنے کا عہد کیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر نئے جمہوری اداروں کا آغاز ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

عوام بڑی توقعات رکھتے ہیں ۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ کرپشن ، بدعنوانی ، ناجائز مراعات ، قدرتی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔کرپٹ مافیا کا سر کچلنا ہوگا ، اپوزیشن اور حکومت کی صفوں میں گھسے کرپٹ عناصر و پانامہ زدہ عناصر کے خلاف احتساب کی تحریک جاری رہے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نئے جمہوری دور میں دھاندلی زدہ انتخابات کا داغ دھونا لازمی امر ہے ۔ قومی صنعتی اداروں کو بحال کرنا اور کارکردگی بہتر کرنا نئی حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہے ۔ عمران خان اپنے اعلانات پر عمل کر کے ہی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔ اپوزیشن میں رہ کر اعلانات بہت آسان کھیل ہے اقتدار بڑی مشکل وکٹ ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں