جنرل ہسپتال میں جشن آزادی کی تقریب، خصوصی کیک کاٹا گیا ،ایک دوسرے کو مبارکباد و خوشی کا اظہار

نئی نسل کو تحریک پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے‘ پرنسپل پروفیسرمحمدطیب ملی نغموں کی دھن میں سبزہلالی پرچم کو سلامی، مریضوں میں تحائف کی تقسیم،ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعائیں

منگل 14 اگست 2018 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) یوم آزادی کے موقع پر لاہو ر جنرل ہسپتال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کیک کاٹنے کے علاوہ ڈاکٹرزا ور نرسز نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہار کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر طلبا و طالبات ،نرسنگ سٹاف او ر پیرامیڈیکس کو اُن لاکھوں قربانیوں کے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے جن کے باعث پاکستان کا خطہ معرض وجود میں آیا۔

پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کا خون اس وطن عزیز کی بنیادوں میں شامل ہے اور نئی نسل کو زیادہ سے زیادہ دلجمعی اور قومی لگن کے ساتھ اس پاکستان کی حفاظت کا بیڑہ اٹھانا چاہیے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور پرنسپل نرسنگ کالج رضیہ بانو نے بھی خطاب کیا۔ جنرل ہسپتال میں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔

ہسپتال کے سبزہ زار میں منعقد ہونے والی پرچم کشائی کی اس تقریب میں پروفیسرمحمد طیب ،ایم ایس ڈاکٹرمحمود صلاح الدین ،پروفیسر صاحبان ، نرسنگ انتظامیہ، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹا ف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ مریضوں اور ان کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر زیر علاج مریضوں نے بھی سبز ہلالی پرچم تھامے دیگر شرکاء تقریب کے ساتھ مل کر پاکستان کا مطلب کیا ’’ لا الہ لا اللہ‘‘ ۔

پاکستان زندہ باد ،کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ نرسنگ طالبات نے جشن آزادی کی خوشی میں سبز ڈوپٹے اوڑ ھ کر ماحول کووطن کی محبت کے مقدس رنگ میںرنگ دیا۔ تقریب میںنرسنگ طالبات نے ترنم کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا جبکہ حاضرین نے بھی یک زبان ہوکر ان کا ساتھ دیا۔ اس موقع پر ایک ملی نغمے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم کو سلامی دی گئی ۔ اس موقع پرجنرل ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں میں تحائف تقسیم کئے اور ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔

تقریب میں نرسنگ طالبات نے ملی نغمے پیش کئے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دل جمعی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گی ۔پروفیسرمحمدطیب نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوئی دقیقیہ فروگزاشت نہ کریں کیونکہ بابائے قوم ان سے یہی توقع وابستہ کرتے تھے اور ہمیں اُن کی توقعات پر پورا ترنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں