ملک بھر کی طرح لاہور سمیت صوبہ بھر میں وطن عزیز کا 71واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایاگیا

تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کی تقریبات کاا نعقاد، کیک کاٹے گئے ،سرکاری و نجی عمارات پر پرچم کشائی،صوبائی دارالحکومت میں 21توپوں کی سلامی دی گئی

منگل 14 اگست 2018 22:02

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں وطن عزیز کا71واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا، پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا،مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے وقت قرآن خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی،خوشحالی و استحکا م ، اسلام کی سر بلندی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، دہشت گردی ، انتہا پسندی کے خاتمہ، قدرتی آفات سے نجات ، اتحاد و بھائی چارے کی فضا کے قیام کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، یوم آزادی کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران طلباء و طالبات نے قومی ترانے و ملی نغمے پیش کئے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت لاہور میں حضوری باغ میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اسی طرح ایوان کارکنان پاکستان، پنجاب اسمبلی، واپڈا ہائوس، ریلویز ہیڈ کوارٹرز، کور ہیڈ کوارٹرز، یونیورسٹیوںسمیت تمام سرکاری و نجی اداروں کی طرف سے پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں سیاسی قیادت،ورکرز اور سول سوسائٹی نے شرکت کی ،جشن آزادی کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب سمیت اہم شخصیات نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی،یوم آزادی کے موقع پر صوبائی دارلحکومت لاہور کی ہر گلی ،محلے اور شاہراہ پر سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں کی بہار دکھائی دی جبکہ صوبہ کے چھوٹے بڑے شہروں میں آزادی کے رنگ نمایاں نظر آئے،سڑکیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہیں،14اگست کے آغاز کے ساتھ ہی عوام نے آزادی کی خوشیاں منائیں،آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

لاہوریوں نے شہر میں موٹر سائیکلوں پر ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل کر اپنایوم آزادی جوش و جذبے سے منایا، بچوں،بڑوں کا جوش دیدنی تھا،شہرمیں چلنے والی تمام ٹرانسپورٹ مالکان اور شہریوں نے اپنی اپنی سواریوںپر سبز ہلالی پرچم لہرا رکھے تھے جبکہ لوگوں نے اپنے گھروں، محلوں کو جھنڈیوں سے سجانے کے ساتھ ساتھ قومی پرچم بھی آویزاں کئے،بچوں اور نوجوانوں نے اپنے چہروں پر قومی پرچم کی پینٹنگز کروا رکھی تھیں اور ہاتھوں میں پرچم تھامے گلیوں میں نظر آئے، نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں کی ٹینکیوں اور گاڑیوں پر قومی پرچم کی پینٹنگز بنوا رکھی تھیں،اسی طرح بچوں ،خواتین کی طرف سے سبز اور سفید رنگ کے لباس زیب تن کئے گئے تھے، گاڑیوں میں ملی نغمے کی دھنیں نوجوانوں کے جذبہ میں مزید اضافہ کر رہی تھیں،یوم آزادی پر تمام ٹیلی ویژنز اورریڈیونیٹ ورک پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ اخبارات میں یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیے گئے،علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں ملی نغموں،تقریری مقابلوں کے علاوہ مختلف مقامات پرمشاعروں، مباحثوں اور دیگر تقریبات کا بھی انعقاد ہوا جن میں تحریک آزادی کے قائدین کو سلام پیش کیا گیا اور آزادی کی خاطر دی گئی قربانیوں اور دیگر خدمات پر روشنی ڈالی گئی، اس موقع پر قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی تقریر سے اقتباسات بھی پیش کئے گئے۔

چنانچہ پاکستانی قوم نے اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا یااور یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک زندہ قوم ہیں ، صوبائی دارالحکومت لاہور کی مختلف چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں خواتین،بچے،جوان ،بوڑھے سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز کے سجے سٹالوں پر جوش و خروش سے خریداری میں مصروف رہے ۔ اے پی پی سے گفتگو میںلاہور کی مختلف سڑکوں پر جشن آزادی کی خوشیوں میں مصروف لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں اور ہمارا سب کچھ اس وطن کی مٹی سے وابستہ ہے، اس موقع پربوڑھے افرادکاکہنا تھا کہ وہ یوم آزادی کے لمحات کو کسی پل نہیں بھول سکتے،انہیں ہرپل وہ لمحات یادرہتے ہیں ۔

لاہور کی سڑکوں پر بچوں،جوانوں،بوڑھوں کا جوش و خروش اس بات کی عکاسی کر رہا تھا کہ حالات جیسے بھی ہوں وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کر دیں گے کہ وہ ایک زندہ قوم ہیں۔یوم آزادی کے موقع پر خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی مٹی سے بے پناة محبت ہے اور وہ چا ہتی ہیں کہ جس مقصد کیلئے ہمارے آبا--ؤاجدادنے قربانیاں دیں اور یہ ملک معرض وجود میں آیا وہ مقاصد حاصل ہوں، ہم مایوس یا ناامید نہیں ہیں، ہمیں قوی امید ہے کہ انشاء اللہ ہمارے آباؤاجداد کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر پوری ہوگی،سیاسی افراد کا کہنا تھا کہ امسال یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کیا جائے کہ ہمیں بحیثیت قوم تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر وطن عزیز پاکستان کو مضبوط تر بنا نا ہوگا اوراس بات کا بھی عہد کیاجائے کہ پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اوریہ سبزہلالی پرچم انشاء اللہ تا قیامت اسی طرح لہر اتا رہے گا۔

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، اس سلسلے میں متعلقہ پولیس افسران کو فول پروف سیکورٹی کیلئے سختی سے ہدا یات جاری کی گئی تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں