گدون ٹیکسٹائل ملز، ٹی ایس اے اور اے سی سی اے کی جانب سے شجرکاری مہم کا انعقاد

بدھ 15 اگست 2018 18:11

لاہور۔15 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، تابانی سکول آف اکائونٹینسی اور ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کا انعقاد کیا، جس کے تحت 750 پودے لگائے گئے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو سر سبز و شاداب بنایا جائیگا، اس مہم کا مقصد تمام اداروں کے ملازمین میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ پاکستان کا ماحول بہتر ہو اور آلودگی کا خاتمہ ہو، شجرکاری میں حصہ لے کر شہری اپنی قومی ذمہ داری ادا کر سکتے ہیں، شجرکاری کیلئے گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کراچی کا انتخاب کیا گیا جو کہ سپر ہائی وے پر واقع ہے، اس موقع پر تابانی سکول آف اکائونٹینسی (ٹی ایس ای) کے طلبہ نے بھرپور جوش و جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہم میں حصہ لیا، اس مہم کا مقصد عوام میں درختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کو اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں، گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے چیف فنانشل آفیسر محمد عمران موتن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ماحول کے تحفظ کا عزم کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شدید موسمی حالات کا سامنا ہے اور ہمیں اپنی نئی نسل کے لئے درخت اور پودے لگانے ہیں تاکہ انہیں بہتر ماحول مہیا ہو سکے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل طاہر سلیم نے کہا کہ سالوں پہلے ہمارے بزرگوں نے جو درخت اور پودے لگائے ان کا پھل ہم نے کھایا اور آج جو ہم درخت لگائیں گے اس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’’گو گرین‘‘ کے سلوگن کے تحت شجرکاری کے ذریعے ہم اپنے ملک کو خوبصورت اور ماحول کو بہترین بنا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شجرکاری سے ہماری آنے والی نسلوں کو ایک بہترین ماحول اور صحت مند لائف سٹائل میسر آئیگا، تابانی سکول آف اکائونٹینسی کے بانی اور پرنسپل شریف تابانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بہت بڑا ایشو ہے اور ہمیں پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اپنی بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔

ہمارے طلباء پاکستانی معاشرے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم رکھتے ہیں، اے سی سی اے پاکستان کے ہیڈ آف بزنس ڈویلپمنٹ سائوتھ تیمور بیرام خان نے کہا کہ پاکستان کو جن اہم ترین مسائل کا سامنا ہے ان میں ماحولیاتی تبدیلی کا معاملہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے شجرکاری مہم جیسے اقدامات کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اے سی سی اے، گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ اور تابانی سکول آف اکائونٹینسی کے مابین اشتراک ہوا ہے اور ہم اپنے طلباء کو آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار کر رہے ہیں اور ہمیں اپنی ان کاوشوں پر فخر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں