ہر انتخاب میں سطحی ، نمائشی ، جذباتی نعرے لگائے گئے جس سے حالات میں بہتری آنے کی بجائے بد سے بد تر ہوتے گئے، لیاقت بلوچ

زمانہ قیادت کی چال چل رہاہے ، نئی حکومتوں کو اپنی بہتر کارکردگی سے عوام ، خصوصاً نوجوانوں کو مطمئن کرنا ہوگا وگرنہ عوام ، میڈیا اور سوشل میڈیا کی فوج ظفر موج سب کا حشر کردے گی،معززین اور کارکنان کی نشستوں سے خطاب

جمعرات 16 اگست 2018 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے علامہ اقبال ٹائون اور الحمد کالونی میں معززین اور کارکنان کی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قیام پاکستان کے بعد مار شل لاء اور جمہوری عمل سے چہرے بدلے ، لیبل بدلے مگر نظام ریاست میں انقلاب تو کجا کسی بڑی اصلاح کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔

ہر انتخاب میں سطحی ، نمائشی ، جذباتی نعرے لگائے گئے جس سے حالات میں بہتری آنے کی بجائے بد سے بد تر ہوتے گئے۔ زمانہ قیادت کی چال چل رہاہے ، نئی حکومتوں کو اپنی بہتر کارکردگی سے عوام ، خصوصاً نوجوانوں کو مطمئن کرنا ہوگا وگرنہ عوام ، میڈیا اور سوشل میڈیا کی فوج ظفر موج سب کا حشر کردے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت سے عوام کو بڑی توقعات لگ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ کسی نہ کسی طرح اقتدار کی دہلیز پر پہنچ گئے اور پہنچادیے گئے ہیں اب سب کو نیک نیتی اور دلجمعی سے کام کرنا ہوگا۔ بڑے چیلنج منہ کھولے کھڑے ہیں۔ عمران سرکار کو 2018 ء کے دھاندلی زدہ انتخابات میں پارلیمانی کمیشن قائم کر کے عوام کو مطمئن کرنا ہوگا وگرنہ احتجاج زور پکڑتا جائے گا۔آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہوگی ، مدینہ کی ریاست کی طرز پر نظام لانا ہے۔

اقتدار کے نظام میں شامل آزمائے ، ناکارہ ، فرسودہ ، بے وفا پرزوں پر نظر رکھناہوگی۔ کرپشن کے خاتمہ اور پانامہ زدہ 436 افراد کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا ، تعلیم ، صحت ، روزگار کی سہولتیں مہیا کرنا عوامی حق ہے۔ نوجوانوں ، خواتین ، اقلیتوں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ پروگرام سے احمد سلمان بلوچ ، محسن بشیر ، چوہدری نذیراور سمیع الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں