شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ مہیا کرنے کیلئے 25 ماڈل زرعی منڈیوں کے قیام کی منظوری

جمعرات 16 اگست 2018 21:25

لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ مہیا کرنے کیلئے صوبہ بھر میں 25 ماڈل زرعی منڈیوں کے قیام کی منظوری دے دی گئی،اسپیشل سیکرٹری (مارکیٹنگ) زراعت احسان بھٹہ کے زیر صدارت ایک اجلاس میں صوبہ بھر میں25ماڈل زرعی منڈیوں کے قیام کیلئے منظوری دی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ حافظ آباد،گوجرانوالا،مظفرگڑھ،راجن پور،ڈیرہ غازی خان،رحیم یار خان،بہاولپور،ملتان،بورے والا،کہروڑ پکا،دینا، تلہ گنگ، دیپالپور، پاکپتن، بھکر، سمندری، فیصل آباد، چنیوٹ، کچہ(لاہور)، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب اور باردانہ مارکیٹ خانیوال،سرگودھا، چیچہ وطنی، پپلاں کو ایک ماہ کے اندر ماڈل منڈیوں کے سانچے میں ڈھالا جائے گا،ان ماڈل منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے معیاری انتظامات کئے جائیں گے اور ڈینگی سے بچائو،پھل کی مکھی کے تدارک کے مکمل انتظامات کئے جائیں گے،اس کے ساتھ ساتھ ان منڈیوں میںزیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے گی،ان منڈیوں کو ناجائز تجاوزات سے پاک رکھا جائے گا،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا کہ ان ماڈل منڈیوں میں مارکیٹ فیس کا شیڈول،کمیشن اور روزانہ کے نرخ واضح جگہوں پر آویزاں کئے جائیں گے، ترجمان نے مزید کہا کہ ان ماڈل منڈیوں میں شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی،عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کا شعبہ زرعی مارکیٹنگ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں