پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن مکمل‘68 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا

جمعرات 16 اگست 2018 22:42

لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 68 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا کر مکمل ہو گیا،اس دوران پروازوں کی بروقت آمدورفت کا تناسب95 فیصد رہا،پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے 225 پروازیں چلائیں ، 28 ہزار سے زائد عازمین کو خصوصی حج پروازوں کے ذریعے جبکہ تقریباً 40 ہزار عازمین کو شیڈول پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کیا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے 71 پروازوں کے ذریعے 21 ہزار4 سو، اسلام آباد سے 50 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار ایک سو اڑتالیس، لاہور سے 43 پروازوں کے ذریعے 13 ہزار 960، ملتان سے 19 پروازوں سے 4 ہزار571 ، فیصل آباد سے 7 پروازوں کے ذریعے 833 ، سیالکوٹ سے 11 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار708 اور پشاور سے 24 پروازوں سے 8 ہزار418 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا،پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے قبل ازحج آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر پی آئی اے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ واپسی کے سفر میں حجاج کرام کرام کو مکمل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 27 اگست سے شروع ہو گا جس کے دوران جدہ اور مدینہ سے خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد حجاج کرام کو اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی، سیالکوٹ ، ملتان اور فیصل آباد پہنچایا جائیگا، بعد از حج آپریشن کا اختتام 25 ستمبرکو ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں