جنرل ہسپتال و منسلک طبی اداروں کے سٹاف نے 40لاکھ چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں جمع کرا دئیے

چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کے مقدس مشن کو کامیاب بنانا تمام محب وطن پاکستانیوں کا فرض ہے ‘پرنسپل پروفیسر محمد طیب

جمعہ 17 اگست 2018 16:08

جنرل ہسپتال و منسلک طبی اداروں کے سٹاف نے 40لاکھ چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں جمع کرا دئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ،امیر الدین میڈیکل کالج لاہور جنرل ہسپتال کے سٹاف نے 40لاکھ سے زائدکی رقم چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں جمع کرا دی ۔اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب اورایم ایس ڈاکٹرمحمود صلاح الدین نے ایک اجلاس کے دوران کیا ۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ایل جی ایچ سے منسلک طبی اداروں کے سٹاف نے رضاکارانہ طور پر اپنی ایک دن کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے قومی مشن کی تکمیل کیلئے وقف کی ہے جو ان کی اپنے وطن سے بے پایاں محبت کا ثبوت ہے ۔

انہوںنے پی جی ایم آئی وامیر الدین میڈیکل کالج کے گریجویٹس اورالائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول ونرسنگ کالج کی طالبات سے بھی اپیل کی کہ وہ چیف جسٹس کے ڈیمز فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ وطن عزیز میں پانی و بجلی کی قلت دور ہو سکے اور پانی جیسی قیمتی دولت کا ضیاع روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی اس وقت ملک کی شہ رگ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ خاص طور پر بھارت کی طرف سے پاکستان کے حصے کے دریائی پانی پر ڈیمز بنانے سے صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے ایسے میں چیف جسٹس صاحب نے ڈیمز فنڈ قائم کر کے ایک مقدس مشن کا آغاز کیا ہے جس میں بھرپور حصہ لینا تمام محب وطن پاکستانیوں کا فرض ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں