لاہور، سرکاری عمارت میں آگ لگنے سے سامان خاکستر،ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

جمعہ 17 اگست 2018 21:46

لاہور۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر واقع سرکاری عمارت کے چھٹے فلور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی‘ ریسکیو ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز جی پی او چوک کے مخالف واقع رجسٹرار کوآپریٹو کے دفتر کے چھٹے فلورپر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے فوری بعد ریسکیو 1122کی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سمیت سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں‘ آگ عمارت کی چھٹی منزل پر لگنے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے کیلئے جدید مشینری اور سامان استعمال کرنا پڑا‘ عمارت بلند ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر ریسکیو اہلکاروں نے بھرپور کوششوں سے آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے‘ آگ لگنے کے بعد چھ منزلہ عمارت کے تمام فلورز کو خالی کروا لیا گیا تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے‘ آگ لگنے سے چھٹے فلور پر پڑا سامان جل کر خاکستر ہو گیا‘آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے کھڑکیوں سے باہر آتے دکھائی دیئے‘ ریسکیو ٹیموں نے سخت جدوجہدکے بعد آگ پر قابو پالیا‘ آگ کی اطلاع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے آگ لگنے والی بلڈنگ پر امدادی کاموں کا جائزہ لیا‘ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کی فوری اطلاع پر ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ کی ٹیموں کے علاوہ تیرہ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے بڑے پروفیشنل طریقے سے آگ پر قابو پالیا ہے‘ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی فوری وجہ سامنے نہیں آسکی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں