تحریک انصاف کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان میں بحرانوں کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دینے میں جو اقدام اٹھائے گی ،زاہد محمود قاسمی

جمعہ 17 اگست 2018 23:54

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان میں بحرانوں کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دینے میں جو اقدام اٹھائے گی مرکزی علماء کونسل مکمل تعاون کرے گی۔ خصوصاً وزیر اعظم عمران خان اسلام ،تحفظ ناموس رسالت ؐاور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے جو اقدام اٹھائیں گے علماء ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

پاکستان کو اس وقت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے ۔جن میں اس وقت تعلیم،پانی اور بجلی کی کمی اوربے روزگاری جیسے مسائل سرفہرست ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گی اور ملک میں نئے منتخب حکومتی نمائندے بھی ترجیحاً عوامی مسائل کو حل کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے سفر سے واپسی پر مرکزی جامع مسجد گول میںجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ملک کو آگے کی طرف لیجانا ہوگا اور ہم اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک کے اندر اقتدار پر امن طریقے سے منتقل ہوا ہے اور صدارتی انتخاب بھی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ ہوگا اور ہم پر امید ہیں کہ آئندہ کا اسلامی جمہوریہ پاکستان کا صدر بھی محب وطن ،اسلام پسند اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے اور وطن عزیز کا امیج دنیا بھر میں بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر پاکستان میں موجود مذہبی شخصیات اور حساس جگہوں پر فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے اور محرم الحرام کی آمد سے قبل ملک اور صوبے میں اتحاد بین المسلمین کی فضاء کو بہتر اور خوشگوار بنانے کیلئے مرکزی علماء کونسل ملک بھر میں سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کرے گی۔ اجتماع میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عید الاضحی کے موقع پر دینی مدارس قربانی کی کھالیں جمع کرتے ہیں ان کو فی الفور این ،او ،سی جاری کئے جائیں چونکہ دینی مدارس ہی اس وقت سب سے بہترین این،جی ،اوز کا کرداراداکررہے ہیں ۔

معاشرے میں موجود محتاج اور ضرورت مند افراد کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم دینے میں مصروف عمل ہیں۔ مدارس کی طرف سے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر سابقہ حکومت کی طرف سے لگائی گئی قدغنیں ختم کی جائیں اور این ،او،سی کے سلسلے کو آسان بنایا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں