کرپشن مافیا کیخلاف عمران خان کی جنگ میں بھر پور ساتھ دیں گے : آفتاب لودھی

جمعہ 17 اگست 2018 23:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ِانقلا ب پروفیسرآفتاب لودھی نے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ گزشتہ روز سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ایک عرصے سے سٹیٹس کو کی اذیت میں مبتلا رہ چکے ہیں اور سابقہ حکمرانوں نے قومی تعمیر و ترقی کی بجائے ذاتی اثاثے بنانے میں فقیدالمثال ترقی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعظم عمران خان کو ڈیم سازی، قرضوں میں ڈوبی ملکی معیشت اور سکیورٹی معاملات جیسے شدید چیلنجز درپیش ہیں اور عوامی تحریک ِانقلا ب ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ان کی بھر پور مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی کرپشن نے ملکی معیشت کو برباد کر دیا ہے اور وہ عمران خان کی کرپشن مافیا کیخلاف جنگ میں قدم بقدم ساتھ دیں گے۔ پروفیسرآفتاب لودھی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت پر سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں