عوامی مسائل کے حل کیلئے افسران اوپن ڈورپالیسی پر عمل کریں‘چیف سیکرٹری پنجاب

ا من وامان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے محکمے تعاون کو فروغ دیں اکبر درانی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، گوجرانوالہ میں برن یونٹ اور چلڈرن ہسپتال کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا

ہفتہ 18 اگست 2018 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری افسران اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہوں اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں،افسران اپنے اختیارات قومی ترقی کے مقاصد کے حصول اور عام آدمی کی فلاح کیلئے استعمال کریں۔ وہ کمشنر آفس گوجرانوالہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں امن وامان ، شجرکاری مہم،ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ، ڈینگی اور پولیو کی انسدادی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر‘ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض‘ آرپی او شاہد حنیف‘ ڈی سی گوجرانوالہ ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ‘ سی پی او ڈاکٹر معین مسعود ‘ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اورمتعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ ا من وامان برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے لوگوں کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے پالیسی سازی کی جائے، اس کیلئے ضروری ہے کہ تمام سرکاری محکمے باہمی تعاون کو بھی فروغ دیں تاکہ سکیمیں بروقت مکمل کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر کسی کو اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسروں کو ترقی اور فلاح کے قومی مقاصد پیش نظر رکھنے چاہئیں اس کیلئے موجودہ نظام کو مزید مستحکم بنانے پر کام کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھرپور صفائی مہم شروع کرنے اور ہر جگہ سے کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض نے چیف سیکرٹری کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاںچیف سیکرٹری پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کادورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے ٹراما سنٹر‘ ایمرجنسی وارڈ‘ سرجیکل وارڈ اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں صحت کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، برن یونٹ اور چلڈرن ہسپتال کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات تک رسائی عام آدمی کا بنیادی حق ہے۔ ہسپتال میں انجمن فلاح و بہبود مریضاں کے تعاون سے قائم ڈائیلائسسز سنٹر کی توسیع کیلئے مطلوبہ اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ نئے ڈائیلائسسزیونٹ کے ڈیزائن کیلئے بہترین اور قابل آرکیٹکٹ کی خدمات حاصل کی جائیں اور پائیدار تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگ عرصہ دراز تک اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جمشید بشیر نے ڈائیلائسسز سنٹر کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آج سے بیس سال قبل اس کا قیام عمل میں لایاگیا تھا۔ انجمن فلاح وبہبودمریضاں کے تعاون سے اب تک 64 ہزار سے زائد مستحق مریضوں کے ڈائیلائسسز کئے جاچکے ہیں جن پرمجموعی طور پر 14کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں