عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کا اجلاس

ہر جمعہ اور عید اضحی کے اجتماعات کو یوم احتجاج، 7ستمبرکو لاہور میںایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا سلام آبادمیں احتجاج جاری رکھنے پر تنظیمو ں کو خراج تحسین پیش

ہفتہ 18 اگست 2018 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کا اجلاس مرکزختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور میں مجلس ضلع لاہور کے نائب امیر پیرمیاں محمدرضوان نفیس کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں مجلس کے مرکزی ناظم نشرو اشاعت مولانا عزیز الرحمن ثانی، ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر،قاری جمیل الرحمن اختر، جے یو آئی لاہور کے ناظم عمومی مولانا حافظ محمداشرف گجر، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم، مولانا خالدمحمود،مولانا محبوب الحسن طاہر،مولانا سعید وقار ،محمدطیب ایڈووکیٹ ، قاری محمدطاہرودیگر علماء نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزکے فیصلے کے مطابق ہر جمعہ اور عید اضحی کے اجتماعات کو یوم احتجاج منایایا جائے گااور 7ستمبرکو لاہور میںایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا, اسلام آبادمیں جن جن تنظیموں نے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے انکو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف آواز اٹھانے پر جمعیة علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع کو بھی ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پیش کرنے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں تاہم اب یہ مسئلہ صرف قراردادوں کے ذریعے نہیں بلکہ عملی طورپر اس مسئلے کو حل کرانا ہوگااور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرنا ہوگا۔

علماء نے کہاکہ اقوام متحدہ ہالینڈ میں پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کا نوٹس لے۔ عالمی سطح پر تمام مذاہب کی مقدس شخصیات کی گستاخی کے سدباب کے لئے سخت قوانین بنائے جائیں۔ ناموس رسالت کا تحفظ ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنے والے امت مسلمہ کے مجرم ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے معاملے میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔

پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کرے۔ مغرب امت مسلمہ کے صبر کا مزید امتحان نہ لے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش نہ روکی گئی تو عالمی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے اس لئے اقوام متحدہ اور عالمی ادارے نمائش رکوانے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ مسلم حکمران بھی بے حسی چھوڑ کر گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے خلاف مشترکہ آواز بلند کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں