لاہور پولیس کا شہر میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون

ایس ایچ اوز اپنے علاقہ جات میں موجود کرائم سپاٹس پر ناکہ بندی کر کے جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور

ہفتہ 18 اگست 2018 23:07

لاہور۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) لاہور پولیس کا شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈائون۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ رواں ماہ کے پہلے 18 دن کے دوران 58 خطرناک گینگز کے 133 ملزمان گرفتار کر کے 57 لاکھ 15 ہزار سے زائد رقم برآمد کر لی گئی۔ پورے شہر میں خفیہ اطلاعات پر کیٹیگری اے اور بی کے 190خطرناک اشتہاری گرفتارکئے گئے۔

اشتہاری مجرمان کے خلاف قتل، ڈکیتی اور سنگین نوعیت کے مقد مات درج ہیں۔پولیس نے شہر میں ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 251 مقدمات درج کر کے 253 ملزمان گرفتار کر لیئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 03 کلاشنکوف،11 رائفلز، 08 بندوقیں، 227 پسٹلزاور 1300 سے زائد گولیاں برآمد کر لیں۔ خفیہ اطلاعات پر شہر کے مختلف مقامات پر منشیات کے اڈوں پر چھاپے مار کر 517 مقدمات میں 530 ملزمان گرفتار کیئے گئے۔

(جاری ہے)

تمام ڈویژنل ایس پیز سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ایس ایچ اوز اپنے علاقہ جات میں موجود کرائم سپاٹس پر ناکہ بندی کر کے جرائم پیشہ عناصر کو نکیل ڈالیں۔ ایس پی حضرات ہفتہ میں ایک بار اپنی ڈویژن میں ہونے والے جرائم اور روک تھام کیلئے میٹنگ بلائیں۔سٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی میں ڈولفن اور پولیس ریسپانس یونٹ سے بھرپور مدد حاصل کی جائے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہرمیں کسی قسم کی بھتہ خوری یا منظم جرائم کی کوئی اطلاع نہ ہے۔ لاہور پولیس کے تمام ڈیپارٹمنٹس شہریوں کی مال و جان کے دشمنوں کو نکیل ڈالنے کیلئے اہم کردار اداکررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں