پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ نامزد امیدوار عثمان احمد بزدار 186ووٹ لے کر پنجاب کے وزیر اعلی منتخب

کرپشن کا خاتمہ اور پولیس اصطلاحات کریں گے، آئین اور قانون کے مطابق صوبے کے معاملات کو چلائیں گے،نو منتخب وزیر اعلی عثمان احمد بزدار

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ نامزد امیدوار برائے وزیر اعلی پنجاب عثمان احمد بزدار 186ووٹ لے کر پنجاب کے وزیر اعلی منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ نوازکے نامزد امیدوارمحمد حمزہ شہباز شریف نے 159ووٹ حاصل کئے۔وزیر اعلی کا انتخاب پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ڈویژن رائے شماری کے ذریعے گیا۔

وزیر اعلی کے چنائو کے لئے اسمبلی اجلاس کی کارروائی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت 12:10بجے تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے شروع ہوئی۔وزیراعلیٰ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے اراکین کو اسپیکر کے دائیں اور بائیں جانب جمع ہو کر ان کی گنتی کے عمل سے کیا گیا تاہم پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اسپیکر اسمبلی نے عثمان بزدار کو ووٹ دینے والے اراکین کو اسمبلی ہال کے دائیں جانب اور حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے اراکین کو بائیں جانب لابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی جس کے بعد ہال کے دروازے بند کرادیے گئے جب کہ اسپیکر نے ہدایت کی کہ جب تک اراکین کی گنتی مکمل نہیں ہوتی کوئی رکن باہر نہیں جائے گا۔ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کی کامیابی کا اعلان کیا۔

اسمبلی اجلاس کے دوران (ن) لیگ کے اراکین اسپیکر کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اراکین اسمبلی نے نو منتخب وزیر اعلیٰ کو مبارک باد دی، بعدازاں سپیکر نے انہیں قائد ایوان کی سیٹ سنبھالنے کی دعوت دی۔ اس کے بعد عثمان احمد خاں بزدار ایوان میں وزیر اعلی کی سیٹ پر متمکن ہوئے ۔ سپیکر نے نو منتخب وزیر اعلی کومبارکباد پیش کی اور دعوت خطاب دی۔

نومنتخب وزیر اعلی پنجاب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور تمام ممبران کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور خاص طور پر اپوزیشن کا مشکور ہوں جو جمہوری عمل کا حصے بنے، اگر اپوزیشن کی جانب سے اچھے مشورے آئیں گے تو ان کا خیرمقدم کریں گے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ان کا میرٹ یہی ہے کہ ان کا تعلق صوبے کے سب سے پسماندہ علاقے سے ہے، وہ اپنی حکومت کے دوران خیبرپختونخوا کی طرز پر پنجاب پولیس کو بھی بہتر کریں گے، اداروں کو مضبوط کریں گے، ہر جگہ پر کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور اسٹیٹس کو کو بھرپور طرح سے توڑنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے وزیر اعلی کے عہدہ کے لیے ان کو نامزد کئے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اراکین اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وزیر اعلی کے انتخاب میںان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کوکامیاب بنایا۔انہوں نے کہا کہ میں پسماندہ علاقہ سے ہوں اور میں اپنی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پسماندہ علاقے کو قائد ایوان کیلئے نامزد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کو جاری رکھیں گے اورunderdeveloped ایریاز کو develop کریں گے۔ کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور پولیس کی اصطلاحات کریں گے اور آئین اور قانون کے مطابق صوبے کے معاملات کو چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بننے کے لیے میرا میرٹ یہ تھا کہ میرا تعلق انتہائی پسماندہ علاقہ سے ہے۔ تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے ضلع میں وزیر اعلیٰ ہو نگے ۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب ہارنے والے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر حکومت صحیح چلے گی تو ہم بھی ٹھیک چلیں گے۔حمزہ شہباز حکومتی بنچوں کے شور مچانے پر احتجاجاً اپنی نشست پر بیٹھ گئے اور اسپیکر کی مداخلت کے بعد ایک مرتبہ پھر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت پنپ رہی ہے، امید کرتا ہوں آنے والے وقت میں بہتری آئے گی، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کا شور مچارہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں