نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے سے ہے

عملی سیاست کا آغاز 2001 کے بلدیاتی انتخابات سے کیا، دو مرتبہ ٹرائبل ایریا کے تحصیل ناظم رہ چکے ہیں،حالیہ الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن صو با ئی اسمبلی منتخب ہو ئے

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخبوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے سے ہے، انہوں نے عملی سیاست کا آغاز 2001 کے بلدیاتی انتخابات سے کیا۔سردار عثمان بزدار یکم مئی 1969 کو ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کے گاوں بارتھی میں پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم بارتھی میں حاصل کی ، تونسہ سے میٹرک اور ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیا۔

سردار عثمان کی 5 بہنیں اور 5 بھائی ہیں اور بھائیوں میں وہ سب سے بڑے ہیں، ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار ستر کی دہائی میں سرکاری اسکول میں گریڈ 14 کے ٹیچر تھے تاہم بعد میں ملازمت سے مستعفی ہو کر سیاست میں آئے اور تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں مسلم لیگ (ق) کے پلیٹ فارم سے دو مرتبہ ٹرائبل ایریا کے تحصیل ناظم رہ چکے ہیں، 2013 میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لیا لیکن ہار گئے۔

حالیہ الیکشن سے قبل وہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ پی پی 286 سے 26 ہزار 8 سو 97 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کا آبائی علاقہ بارتھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے جہاں نہ بجلی ہے، نہ پختہ سڑک اور نہ کوئی کالج، ڈی جی خان کے قبائلی علاقے زین اور بغل چھر میں یورینیم کے بیشتر ذخائر ان کی ملکیتی زمین سے نکلے جس سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں