عید الاضحی کے موقع پر اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں پاکستان ریلوے پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات

اتوار 19 اگست 2018 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) عیدالا ضحی کی آمد کے موقع پر ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں مسافرین کا رش بہت زیادہ ہو جاتا ہے جس کے پیشِ نظر ریلوے انتظامیہ نے سپیشل ٹرینیں چلائی ہیں۔ملک میں سکیورٹی کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے ریلوے پولیس کے تمام ایس پیز کو احکامات جاری کئے ہیں کہ ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔

ریلوے اسٹیشنوں کے داخلی و خارجی راستوں پر پہلے سے زیادہ نفری لگائی جائے ، تمام مسافروں کو واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے اور میٹل ڈیٹکٹر سے مکمل طور پر چیک کیا جائے۔غیر متعلقہ اشخاص کو اسٹیشنوں کی حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے تمام ڈویژنوں کے ایس پیز نے سکیورٹی کو بڑھا دیا ہے ۔

اسٹیشنوں اور اہم تنصیبات پر کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں ، سفید پارچات میں سپیشل ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی روانگی سے قبل خالی ریکس کی بھی مکمل چیکنگ کروائی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان نے پاکستان ریلوے پولیس کے تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کواس سلسلے میں تحریری احکامات جاری کر دئے ہیں اور کہا ہے کہ عید کے دنوں میںتمام ایس ۔پیز اپنے اپنے ہیڈ کوارٹر موجود رہیں اور کسی بھی نا خوشگوار واقع کی اطلاع فوری طور پر سنٹرل پولیس آفس لاہور کنٹرول آفس میں درج کروائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں