عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں آج پنجاب میں بھی نواز لیگ کے دور کا خاتمہ ہو گیا‘ عوام کو اُن چہروں سے نجات مل گئی جن کا کام صرف من مانے منصوبوں پر سرکاری رقوم کا بے دریغ استعمال کرنا تھا، جنہوں نے کبھی شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر توجہ نہیں دی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا،عبدالعلیم خان کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 23:20

لاہور۔19اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے رکن عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں آج پنجاب سے بھی نواز لیگ کے دور کا خاتمہ ہو گیا ہے اور عوام کو اُن چہروں سے نجات مل گئی جن کا کام صرف من مانے منصوبوں پر سرکاری رقوم کا بے دریغ استعمال تھا، جنہوں نے کبھی ملک کے سب سے بڑے صوبے کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر بھی توجہ نہیں دی، انہوں نے کہا کہ آج ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تحریک انصاف کے اقتدار کا آغاز ہو گیا ہے اور انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اس صوبے میں ترقی و خوشحالی اور نئے دور کا آغاز کیا جائے گا، پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم آج کے دن بالخصوص پنجاب کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ اُن کے تمام خوابوں کی تعبیر ملے گی اور جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام سمیت عوام سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کریں گے اور تعلیم، صحت،امن و امان اور ہر شعبے میں عوام کیلئے وہ تبدیلی لائیں گے جس کا وہ مدتوں سے انتظار کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی ہماری حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہو گی، خاص طور پر پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں یکساں ترقی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے،عبدالعلیم خان نے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان کے فیصلے پر ہر کھلاڑی نے لبیک کہا ہے ہم نے عہدوں کیلئے نہیں تبدیلی کیلئے جدوجہد کی ہے اور کسی بھی عہدے کے لالچ کے بغیر پی ٹی آئی کے مشن کی تکمیل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، عبدالعلیم خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب کی کابینہ چند روز میں تشکیل دے دی جائے گی اور عید کے فوراً بعد صوبائی وزراء حلف اٹھائیں گے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرنے کے بہت سے کام ہیں جن پر گزشتہ حکومت نے پہلو تہی کی لیکن اب ہر ڈویژن میں عوام کا معیار زندگی بلند کر نے اور لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے تحریک انصاف فوری طور پر کاوشوں کا آغاز کر دے گی،انہوں نے کہا کہ ہم بڑے بڑے دعوے نہیں بلکہ عملی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پی ٹی آئی پر عوام کی طرف سے کیے گئے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں