ایل ڈبلیو ایم سی کو فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ،

عید الاضحی کیلئے انتظامات مکمل کرلیے ‘کیپٹن (ر) انوار الحق سسٹم میں کچھ کوتاہیاں ہیں مگر تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے ،امید ہے نئی حکومت جلد فندز کی بحالی پر کام کرے گی‘پریس کانفرنس مویشی منڈیوں میں صفائی ،آگاہی کیمپ قائم ،تمام یونین کونسلوں میں عید کیمپ ،116عارضی ویسٹ کلیکشن وترانسفر سٹیشن بھی قائم کر دیئے ‘فرخ قیوم

پیر 20 اگست 2018 14:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی متاثر کن نہیںرہی جس کی بڑی وجہ فنڈز کا نہ ملنا ہے، سسٹم میں کچھ کوتاہیاںہیں مگر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عیدالاضحی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فرخ قیوم کے ہمراہ عید الاضحی کے انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا موجودہ سسٹم اور مشینری بہت بڑی ہے جس کی چلانے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے جو ہمیں نہیں مل رہے، گزشتہ کئی دنوں سے شہر بھر میں صفائی کا کام موثر طریقے سے نہیں ہو رہا لیکن عید کے موقع پر عوام کو ہر طور پر سہولیات فراہم کریں گے ، شہر بھر کو صاف رکھنا اور ماحول کو پاک بنانا ہمارے ساتھ ساتھ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے،فنڈز کی کمی کی وجہ سے 6000ٹن کچرا اٹھایا نہیں جا سکا،امید ہے کہ نئی آنے والی حکومت جلد فندز کی بحالی پر کام کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی فرخ قیوم بٹ نے عید الاضحی پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ ادارے کی طرف سے شہر کی 7مویشی منڈیوں میں صفائی اور آگاہی کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں جہاں 170سینٹری ورکرز مشتمل صفائی عملہ مشینری کے ساتھ موجود ہے، عید سے دو دن قبل تمام یونین کونسلوںمیں عید کیمپ اور شہر کی اہم جگہوں پر 116عارضی ویسٹ کلیکشن وترانسفر سٹیشن بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے تینوں دن گلی محلوںسے مجموعی طور پر 3284پک اپس کی مدد سے آلائشوںکی موثر کلیکشن اور ڈمپ سائیٹ پر ٹرانسپورٹیشن اور 22ماڈل کیمپوں کا قیام شامل ہے جبکہ کے عید کے اختتام پر بڑی مقدار میں پیدا ہونے والی آلائشوں کو موثر اور ماحول دوست طریقے سے ڈمپ ایریا میں دفن کیا جائے گا۔اس کے علاوہ شہریوں میں 21لاکھ خصوصی لفافوں کی تقسیم بھی کی جانے والی منصوبہ بندیوں میں شامل ہے۔

اس موقع پر لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ میں عوام کا خادم ہوں ہر جگہ جائوں گا پھروں گا اور شہریوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کروں گا ۔نگران حکومت کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں کیوں وہ سمجھتے تھے کہ یہ لوگ الیکشن پر اثر انداز ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں