نومنتخب وزیر اعظم کی تقریر کاخیر مقدم کرتے ہیں،

کرپشن کاخاتمہ اور مدینہ جیسی فلاحی ریاست کاقیام ناگزیر ہے‘میاں مقصود احمد مسئلہ کشمیر ،دہشتگردی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے بھی پالیسی واضح کی جائے،کرپشن کے خلاف اقدامات میں جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی‘ صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 20 اگست 2018 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے،سادگی اختیارکرنے اور ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے حوالے سے عمران خان کے قوم سے خطاب کاخیر مقدم کرتے ہیں ،اگر نومنتخب وزیر اعظم نے اپنے اس عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کیا تو اسے قومی سطح پر پذیرائی ملے گی ،ہم ہرحکومتی اچھے اقدام کو سراہیں گے اورخرابی پر حکمرانوں کو توجہ دلاتے رہیں گے،یہی ایک اچھی اپوزیشن کاتعمیری کردار ہوتاہے ،دعوئوں اور وعدوں کوپوراکرنے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کواپنے پہلے قوم سے خطاب میںدہشتگردی،مقبوضہ کشمیر سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کاتذکرہ بھی کرنا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کابنیادی اور اہم جزو ہے اس کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی پالیسی واضح ہو۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ اس وقت تک دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہوسکتے جب تک وہ پاکستان میں مداخلت اورجموں و کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کرتا۔ماضی میں بھی پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پرلچک کامظاہرہ کیاجاتارہاہے مگر نتائج بے سود رہے۔ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ چہروں کی تبدیلی سے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی اس کے لیے ضروری ہے کہ جومنشور پی ٹی آئی نے انتخابات سے قبل دیاتھا اس پر من وعن عمل درآمد کیا جائے۔

عوامی توقعات بہت بڑھ چکی ہیں، اس لیے اب محض نعروں،دعوئوں اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا۔ماضی کے حکمرانوں نے اگر عوام کی فلاح وبہود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیاہوتاتو آج سیاسی منظر نامہ مختلف ہوتا۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ پاکستان اور اس کے عوام نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔معیشت سے لے کر خارجی امور تک دبائوکاشکار نظر آتے ہیں۔مسائل اور مشکلات سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

کرپشن سے پاک اوردیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نکال سکتی ہے۔جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کی تحریک پہلے سے ہی چلا رہی ہے۔کرپشن کے خلاف حکومت اقدامات کے سلسلے میں جماعت اسلامی حکومت سے بھرپورتعاون کرے گی۔میاں مقصوداحمدنے مزیدکہاکہ مسائل سے چھٹکارے اور ملکی ترقی کے لیے تمام کرپٹ افراد کا محاسبہ کیاجائے۔لوٹ مار اور قومی خزانے میں خرد برد کرنے والے قومی مجرم ہیں ان کو پابندسلاسل کیاجانا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں