وفاق ، پنجاب ، خیبر پی کے ، بلوچستان میں پی ٹی آئی کی حکومتیں ہیں ، حالات اور نظام کو تبدیل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ‘لیاقت بلوچ

عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ، ریاستی مشینری کو عوام کی خدمت کی طرف لانے کے لیے اسٹیٹس کو توڑنا ہوگا ‘سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی

پیر 20 اگست 2018 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب اچھا اور عزائم و اعلانات سے بھرپور تھا ۔ انتخابی اور سیاسی جدوجہد کی تقاریر ، اعلانات ، وعدوں کا نچوڑ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے شوکت اسلام مسجد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ اب وفاق ، پنجاب ، خیبر پی کے ، بلوچستان میں تحریک انصاف کی حکومتیں ہیں ، حالات اور نظام کو تبدیل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ ریاستی مشینری کو عوام کی خدمت کی طرف لانے کے لیے اسٹیٹس کو توڑنا ہوگا ۔ صدر ، وزیر اعظم ، وزرائے اعلیٰ ، گورنر ز کی رہائش گاہیں تبدیل کرنے سے ہی حالات بہتر نہیں ہوں گے ، عملاً ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

عمران خان کے ایجنڈا میں سب سے بڑی رکاوٹ خود ان کے اپنے لشکر سے ہی ہوسکتی ہے ۔ ہم اچھے کاموں کی حمایت کریں گے اور اسلامی نظریہ سے انحراف پر مزاحمت کریں گے ۔ صدارتی انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو یکسو ہو کر متفقہ فیصلہ کرنا چاہیے صدارت کے لیے اعتزاز احسن کا نام اچھا نام ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ حج امت مسلمہ کے اتحاد ، مساوات اور وحدت و یکجہتی کا عظیم مظہر ہے ۔

کروڑوں مسلمان توحید و سنت پر متحد ہو جائیں تو امت مسائل ، بحرانوں ، ذلت و رسوائی سے نجات پالے گی ۔ دنیا بھر کے مذاہب کے مقابلے میں روزہ ، حج ، جمعہ اور عیدین کے اجتماعات مثالی حیثیت رکھتے ہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات انسانوں میں امانت ، دیانت ، خدمت اور عزت و وقار کے پہلو اجاگر کرتی ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں