قوم عید الاضحی اور نئے پاکستان کی خوشیاں منا رہی ہے،نئے پاکستان نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے‘عثمان احمد خان بزدار

ہمیں آج وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب کا عید الاضحی پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کے نام پیغام

منگل 21 اگست 2018 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدارنے کہاہے کہ قوم آج عید الاضحی اور نئے پاکستان کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منا رہی ہے اورنئے پاکستان نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے -وزیراعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار نے عید الاضحی کے موقع پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یہ عید پاکستان میں تبدیلی کی بنیادبنی ہے اور میں قوم کو عیدالاضحی اورنئے پاکستان کی مبارکباد دیتا ہوں-وزیراعلیٰ نے کہاکہ عیدالاضحی خوشیوں، قربانی، ایثار اور محبت کا تہوار ہے اوردین اسلام غریب لوگوں کو خوشی کے تہواروں میںشامل کرنے کا درس دیتا ہی-معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے اور ہمارا خلاقی،قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کیساتھ خوشیاں بانٹیں۔

(جاری ہے)

خلق خداکی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔ شہدائے قوم کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمّہ داری ہے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور ہم عید کے موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور انکے اہل خانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں-انہوں نے کہاکہ ہمیں عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں