برٹش کونسل کے پروگرام تعبیر کی ٹیم کی سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی سے ملاقات

تعبیر کے پروگرام سے اراکین اسمبلی، چاروں صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں : سیکرٹری پنجاب اسمبلی تعبیر کے ہیڈ حسن ناصر میر بہار نے سیکرٹری اسمبلی کو اسمبلی کی کارکردگی تک عوام کی رسائی کے لئے حکمت عملی کا مسودہ پیش کیا

جمعرات 13 ستمبر 2018 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2018ء) برٹش کونسل کے پروگرام تعبیر کی ٹیم نے حسن ناصر میربہارکی سربراہی میں پنجاب اسمبلی میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اراکین اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تجاویز زیر غور آئیں۔تعبیر برٹش کونسل کا ایک منصوبہ ہے جس کا مقصد سینٹ آف پاکستان ، نیشنل اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے زیادہ موثر قانون سازی کرنا ہے ۔

جون 2018میں پنجاب اسمبلی اورتعبیر کے درمیان باقاعدہ طور پر MOUبھی سائن ہو چکا ہے۔میٹنگ میں ڈی جی پارلیمانی امورپنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، ڈائریکٹرآئی ٹی ایند آٹومیشن پنجاب اسمبلی طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹری قانون سازی پنجاب اسمبلی خالد محمود ، تعبیر پروگرام کے کنسلٹنٹ ممتاز حسین کھرل اور برٹش کونسل کے پروگرام سپشلسٹ جودت بلال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری محمد خاں بھٹی نے کہا کہ تعبیر کے پروگرام سے اراکین اسمبلی، چاروں صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس سے ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم ہو گی۔ میٹنگ میں اراکین اسمبلی کی استعداد کار بڑھانے کے حوالہ سے طے پایا کہ عنقریب اراکین اسمبلی کی ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا جس سے بہتر انداز میں قانون سازی کرنے میں مدد ملے گی۔

تعبیر کی ٹیم نے اسمبلی سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بڑے احسن طریقے سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو خدمات مہیا کی ہیں تاہم تعبیر، اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ اسمبلی سٹاف کی ٹریننگ کا بھی جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ سیکرٹری اسمبلی نے اراکین اسمبلی اور سٹاف کی کارکردگی بڑھانے کے لیے تعبیر کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں تعبیر اپنے پروگرام کو عملی جامہ پہنائے گی۔

تعبیر کے ہیڈ نے عوام کواسمبلی کی کارکردگی تک رسائی کے لئے حکمت عملی کا مسودہ بھی محمد خاں بھٹی کو پیش کیا جسے میٹنگ میں زیر غور لایا گیا۔سیکرٹری اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ وہ یہ مسودہ منظوری کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو پیش کریں گے جس کے بعد اس پر کام شروع ہو جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں