آئین پاکستان اور قرآن و سنت کا نظام ہی پوری قوم کے اتحاد ، وحدت اور ترقی و استحکام کا ذریعہ ہے ‘لیاقت بلوچ

پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے، اس عظیم منصوبہ پر ابہام و شک و شبہ حکومت نے خود پیدا کیا ہے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 18 ستمبر 2018 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئین پاکستان اور قرآن و سنت کا نظام ہی پوری قوم کے اتحاد ، وحدت اور ترقی و استحکام کا ذریعہ ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ملک بھر سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عالمی ذرائع ابلاغ طے شدہ منصوبہ کے تحت پوری دنیا میں انتشار ِ فکر پیدا کر رہے ہیں ۔

یہ بڑی مہارت سے عالمی استعماری اشرافیہ کے طے شدہ ایجنڈا کے حصول میں معاونت کر رہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے، اس عظیم منصوبہ پر ابہام و شک و شبہ حکومت نے خود پیدا کیا ہے ۔ کابینہ میں ریویو کمیٹی اور وزیراعظم کے مشیر رزاق ڈار کا تجزیہ ، انٹرویو اس کا سبب بناہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے تدبر اور گہرائی سے معاملہ ہینڈل کرنے کی بجائے جذباتی اور پہلے سے انفرادی موقف اختیار کر کے نقصان کیاہے ،اب اس نقصان کا ازالہ ضروری ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد ریاست مدینہ کی طرز پر مثالی فلاحی اور رفاہی ریاست بنانے کے لیے قائم ہوا ۔ پاکستان کا سیکولر و لادین طبقہ ملک کی ترقی کو شراب ، کباب ، جسم فروشی اور جوا خانوں کو عام کرنے سے منسوب کرتاہے جبکہ پاکستان کی شناخت اسلامی نظریہ ہے، اس نظریہ پر مستحکم رہ کر امانت ، دیانت ، عدل و انصاف ، خود انحصاری ، محنت ، کام اور کام کے ذریعے ہی ملکی خوشحالی و استحکام لایا جاسکتاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں