تحریک انصاف کی جدوجہد میں خواتین کا کردار ہمیشہ تاریخی رہا ہے،آشفہ ریاض فتیانہ

منگل 18 ستمبر 2018 20:13

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیرویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جدوجہد میں خواتین کا کردار ہمیشہ تاریخی رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت جس رفتار کے ساتھ ملک میں مثبت تبدیلی کی خواہاں ہے وہ تبدیلی خواتین کے مثبت اور بھرپور کردار کے بغیرممکن نہیں، ہم مل کر اس امرکو یقینی بنائیں گے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اورتمام شعبہ ہائے زندگی میںصحت مندانہ اور محفوظ ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میںسیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ عطاء محمد خان، چیئرپرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین فوزیہ وقار، ایڈیشنل سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محمد عامر عقیل منج ودیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں تحریک انصاف کے ابتدائی سودنوں کے پلان میںخواتین کو بااختیار بنانے، ان کیلئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے اور فلاح و بہبود پر مبنی دیگر اقدامات زیربحث آئے، اجلاس میں 100دنوں کے پلان کے مطابق موجودہ حکومت کے آئندہ اقدامات کیلئے مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیاگیا جس کے مطابق خواتین کو بااختیار اور مستحکم بنانے کیلئے فرسودہ قوانین میں نظرثانی کی جائے گی اور خواتین کی ترقی پرمبنی نئے قوانین بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں