پنجاب بھر میں تمام جامعات کے وائس چانسلرز کو اہم عہدوں پر تین ماہ میں تعیناتی کرنے کی ہدایت کردی ہے،

خیبر پختونخوا کی طرز پر سرکاری جامعات کے انتظامات چلانے کیلئے یکساں قوانین بنانے پر کام ہو رہا ہے، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز

منگل 18 ستمبر 2018 20:13

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام جامعات کے وائس چانسلرز کو اہم عہدوں پر تین ماہ میں تعیناتی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،ہدایات پر عمل نہ کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،خیبر پختونخوا کی طرز پر سرکاری جامعات کے انتظامات چلانے کے لئے یکساں قوانین بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے، حکومت جامعات کی سینڈیکیٹ کمیٹی کے ممبرز کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنائے گی،وہ گزشتہ روزیہاں اوکاڑہ یونیورسٹی کے چوتھے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد زکریا زاکر ، چیئر مین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں یونیورسٹی کے بجٹ اور دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا جبکہ ایجنڈا میں شامل مختلف نقاط کی منظوری دی گئی، صوبائی وزیر نے جامعہ میں خالی اہم آسامیوں پر تعیناتی کی منظوری دی جبکہ یونیورسٹی میں سائنس لیب کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 100روزہ پلان پر عملدرآمد جاری ہے، ہماری تمام تر توانائی نظام کر درست کرنے پر صرف ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ نئے ادارے بنانے کے بجائے پہلے سے موجود اداروں کو بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا، متوسط طبقہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت مستحق طلباء کیلئے جامع سکالرشپ پالیسی متعارف کروانے پر بھی غور کر رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں