پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں سکول آف انویسٹی گیشن کا قیام ، کلاسز کا آغاز آئندہ ہفتے ہو گا

منگل 18 ستمبر 2018 21:26

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس محمد طاہرنے کہا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسران کی پیشہ اورانہ استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ راولپنڈی میں آفتاب احمد خان سکول آف انویسٹی گیشن کا قیام ایک انقلابی قدم ہے جس کا مقصد تفتیشی افسران کو انویسٹی گیشن اور فرانزک سائنس کے جدید علوم اور آپریشنل طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے سکیں ۔

ڈی آئی جی ٹریننگ فاران بیگ نے آئی جی پنجاب کو سکول کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکول میں تین کلاس رومز ، ڈیجیٹل فرانزک لیب، لائبریری ، دفاتراورسٹاف روم کی تزئین و آرائش مکمل کی گئی ہے جہاں 80انویسٹی گیشن افسران بیک وقت جدید تربیتی اور ریفریشر کورسز میں حصہ لے سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزیدبتایا کہ سکول میںبین الاقوامی اور مقامی انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی پہلے بیج کے ٹریننگ کورسز کا آغاز آئندہ ہفتے چوبیس ستمبر سے ہوگا جس میںپورے ملک سے آنے والے تفتیشی افسران کو ڈیتھ انویسٹی گیشن اور ڈیجیٹل فرانزک کے موضوعات کے حوالے سے جدید ترین پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی ۔

سکول آف انویسٹی گیشن کے قیام کا مقصد کریمنل انویسٹی گیشن کی تعلیم اور تربیت کے معیار کودور جدیدکے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انویسٹی گیشن افسران کی استعداد کا ر کو مزید بڑھانا ہے تاکہ وہ انویسٹی گیشن کے عمل میں فرانزک سائنس کے میدان میں ہونے والی جدید تحقیق کو بروئے کار لاتے ہوئے مقدمات کی تفتیش بہتر سے بہتر انداز میں کرنے کے ساتھ ساتھ کرائم سین کے تمام ابتدائی شواہد کو محفوظ کریں بلکہ سائنسی بنیادوں پر وقوعہ یا حادثے کی تمام کڑیوں کو ملاتے ہوئے اصل ملزمان کو جلد از جلدبے نقاب کرکے انہیں عدالتوں سے سز ا دلوا سکیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ آفتاب احمد خان سکول آف انویسٹی گیشن کا قیام جرمنی کے اداری Deutsche Gesellschaft Internationale Zusammenarbeit (GIZ) کے تعاون سے عمل میں لایا گیا ہے جس کابنیادی مقصد تفتیشی افسران کوکرائم سین انویسٹی گیشن کی جدید ترین مہارتوں سے روشناس کروانا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں