حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر ڈرون حملہ کیا ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

حکومت غربت کی بجائے غریبوں کو ختم کرنے پر تل گئی، تبدیلی اعلانات سے نہیں اقدامات سے آئے گی،صدر کا خطاب روایتی اور مایوس کن تھا، ترجمان متحدہ مجلس عمل

منگل 18 ستمبر 2018 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ نئے پاکستان میں نئے ٹیکس لگا کر عوام کو ذلت اور اذیت سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت غربت کی بجائے غریبوں کو ختم کرنے پر تل گئی ہے۔

تبدیلی اعلانات سے نہیں اقدامات سے آئے گی۔ صدر مملکت کا پارلیمنٹ سے خطاب روایتی اور مایوس کن تھا۔ صدر کو اپنے خطاب میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے کی بات کرنی چایئے تھی۔ وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی محض شعبدہ بازی ہے۔ چندے سے ہسپتال تو بن سکتا ہے ڈیم نہیں۔ کنگز پارٹی کو جتوانے کے لئے ہر حربہ استعمال کرنے والے بہت جلد پچھتائیں گے۔

(جاری ہے)

سیاست اور صحافت ان دیکھی پابندیوں کی زد میں ہے۔ کٹھ پتلی حکومت اخلاقی بنیاد سے محروم رہے گی۔ عمران خان نے یوٹرن لینے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ پی ٹی آئی میں عہدوں کی جنگ سنگین صورت اختیار کر چکی ہے۔ عمران خان کے ارد گرد کھڑے کرپٹ لوگ پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ ہم عمران خان کی طرح سول نافرمانی کی کال دینے کی بجائے آئین و قانون کے اندر رہ کر پرامن احتجاج کا جمہوری حق استعمال کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ جے یو پی حزب احتساب کا کردار ادا کرے گی۔ ہم سول بالادستی کے لئے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے۔ جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عوامی احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔ آئینی اداروں پر عوام کا اعتماد ختم ہو جانا بہت بڑا المیہ ہے۔ پی ٹی آئی کی نا تجربہ کار ٹیم ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی۔

دھاندلی زدہ حکومت نے متحدہ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو ریاستی طاقت سے روکنے کی حماقت کی تو حالات کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے قوم کو سخت مایوس کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذمہ داران کو انتخابی بے ضابطگیوں پر سخت سزا نہ ملی تو آئندہ بھی دھاندلی کی روایت جاری رہے گی۔ شفاف الیکشن کے نتیجے میں پی ٹی آئی پچاس نشستیں بھی نہیں جیت سکتی۔ ہر حلقے کو کھولنے تک عوامی بے چینی ختم نہیں ہو گی۔ جے یو پی نئے جذبے کے ساتھ انقلاب نظام مصطفے کی جدوجہد تیز تر کرے گی۔ ہماری منزل پاکستان کو اسلام کا گہوارہ بنانا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں