اسلام احترام انسانیت کا دًرس دیتا ہے، معاشرے سے انتہاپسندی ،عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کوباہمی رواداری، بھائی چارے اور مساوات کے درس کو فروغ دینا ہوگا،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

بدھ 19 ستمبر 2018 00:30

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اسلام احترام انسانیت کا دًرس دیتا ہے، معاشرے سے انتہاپسندی اور عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے کیلئے تمام مکاتب فکر کوباہمی رواداری، بھائی چارے اور مساوات کے درس کو فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے حسن کاظمی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اہل بیت کی عظم قربانی درحقیقت پوری امت مسلمہ کے لئے درخشاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرات، خودداری اور حق گوئی امام حسین ؑکا پیغام اور زندگی کا فلسفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کرام نے شہادت کو گلے لگایا مگر انسانیت کی بقاء کے خلاف بات برداشت نہیں کی ، ہمیں ان کی تعلیمات اور قربانیوں سے سبق سیکھنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنا اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی ضرورت اور مسلمانوں کی ترقی کی پہلی منزل ہے۔انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اًمن کی فضا کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ علماء کرام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔گورنر نے کہا کہ علماء کرام اپنے خطبات کے ذریعے لوگوں میں اسلام کی عظمت رفتہ کی کامیابیوں اور کارناموں کے بارے میں آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے مسلک کا احترام سب پر لازم ہے ۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کے حکومت ان کے مسائل کو دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کویقینی بنائے گی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے مزار اقبال پر حاضری دی ۔انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا اور مغلیہ طرز تعمیر کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے عوام کی مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سے خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں