اعجاز احمد واہلہ ایڈووکیٹ کے مقتول بھائی کے ملزمان کو تحفظ فراہم کرنا کسی صورت قبول نہیں ‘لاہور ہائیکورٹ بار

اگر فیکٹری ایریا پولیس بالخصوص ہومی سائیڈ آفیسر کے رویہ کا نوٹس لیکر کاروائی نہ کی گئی تو وکلاء برادری قانونی راستہ اختیار کریگی

بدھ 19 ستمبر 2018 12:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن انوارالحق پنوں ،نائب صدر چوہدری نور سمند خان ،سیکرٹری حسن اقبال وڑائچ اور فنانس سیکرٹری حافظ اللہ یار سپراء نے سابق سیکرٹری فیصل آباد بار ایسوسی ایشن چوہدری اعجاز احمد واہلہ ایڈووکیٹ کے مقتول بھائی امتیازواہلہ کے قتل میں ملوث ملزمان اور ان کے ساتھیوں کو پولیس کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے اور تفتیشی آفیسر کے جانبدارانہ رویہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم پارٹی کو تحفظ فراہم کرنا کسی صورت قبول نہیں ،سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد متعلقہ پولیس افسران کے رویہ کا فوری نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ 17ستمبر2018ء کو تھانہ فیکٹری ایریا کے اندر اور باہر ملزم پارٹی کی جانب سے مقتول پارٹی پر حملہ، گالم گلوچ، قتل کی دھمکیاں اور غلیظ زبان کا پولیس کی موجودگی میں استعمال پولیس کی جانبداری کی واضع دلیل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اگر اعلیٰ پولیس افسران نے فیکٹری ایریا پولیس بالخصوص ہومی سائیڈ آفیسر کے رویہ کا نوٹس لے کر اس کے خلاف کاروائی نہ کی تو وکلاء برادری قانونی راستہ اختیار کرے گی۔انہوں نے سی پی او اشفاق احمد سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چوہدری اعجاز احمد واہلہ سابق سیکرٹری فیصل آباد ایسوسی ایشن اور انکے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں