پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم یافتہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ڈاکٹرعطاء الرحمن

تعلیمی اصلاحات تحریک انصاف کے سو روزہ پلان کا حصہ ہیں،صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز

بدھ 19 ستمبر 2018 19:01

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹرعطاء الرحمن نے لاہور نالج پارک کمپنی میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں چیئرمین نالج پارک کمپنی لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد اکرام ، چیئرمین پنجاب ایچ ای سی ڈاکٹر محمد نظام الدین ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تنویر جبار اور دیگر نے شرکت کی، ڈاکٹرعطاء الرحمن نے صوبائی وزیر کو معاشی ترقی میں ٹیکنالوجی کے کردار پر بریفنگ دی، انہوں نے پنجاب میں نالج پارک کے قیام کے لئے ضروری اقدامات سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم یافتہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ، لاہور نالج پارک تعلیمی میدان کے علاوہ معاشی میدان میں بھی مددگار ثابت ہوگا، موجودہ دور میں معاشی ترقی کا براہ راست تعلق ٹیکنالوجی سے ہے، لاہور نالج پارک میں اٹلی کے تعاون سے پاک اٹلی یونیورسٹی تعمیر کی جارہی ہے جس کی سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر ڈاکٹر عطاء الرحمن ہیں، وزیر ہائر ایجوکیشن نے ڈاکٹر عطاء الرحمن کی تجاویز کو سراہا اور پنجاب کو اعلی تعلیم کے لئے رول ماڈل بنانے کے عزم کا اظہار کیا، صوبائی وزیر کا کہناتھا کہ تعلیمی اصلاحات تحریک انصاف کے سو روزہ پلان کا حصہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ ڈاکٹر عطاء الرحمن جیسے عالمی شہرت یافتہ سائنسدان پاکستان میں تعلیم کے میدان میں کام کررہے ہیں، ڈاکٹر عطاء الرحمن نے پاکستان کے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں، پنجاب حکومت ڈاکٹر عطاء الرحمن کے تجربے اور علم سے فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے،لاہورنالج پارک کا منصوبہ 2014میں شروع کیا گیا منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور ٹیکنالوجی پارک کا قیام شامل ہے جس کیلئے برطانیہ ، اٹلی ، سویڈن ، ترکی اور چین کی یونیورسٹیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں