حسینیت عدل وانصاف کے پیغام کا نام ہی:علامہ سید فرحت حسین شاہ

مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا حسینی طرز عمل ہے،کربلا میں نواسہ رسول ایسا انقلاب لائے جس نے انسانیت کو جینا سکھا دیا علامہ امداد اللہ قادری،علامہ میر آصف اکبرکا ’’فلسفہ شہادت امام حسین‘‘ کے موضوع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب

بدھ 19 ستمبر 2018 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2018ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ حسینیت عدل وانصاف کے پیغام کا نام ہے،ظلم سے نجات کے لیے جدوجہد کرنے والے ہی حسینی کہلاتے ہیں، کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کا مقصد حب الہی،خدمات انسانیت اور حق و صداقت کی نشر واشاعت تھا، امام عالی مقام ؓ چاہتے تھے کہ سسکتی ہوئی انسانیت پاکیزہ نظام حیات سے اپنی دنیا وآخرت سنوار سکے،کسی جابر اور ظالم کو بے گناہ مخلوق پر ظلم ڈھانے کی ہمت نہ ہونے پائے، مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا حسینی ؓ طرز عمل ہے،واقعہ کربلا حق وباطل کے درمیان ہونے والا وہ عظیم معرکہ ہے جس نے ثابت کردیا کہ حق ہمیشہ غالب آتا ہے اور باطل کو مٹنا ہی ہوتا ہے، واقعہ کربلا زمین پر عظیم ترین ہستیوں کا حق کے لیے جانیں قربان کر دینے کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حق پر قائم رہتے ہوئے کٹ تو جانا چاہیے لیکن باطل کے سامنے کبھی جھکنا نہیں چاہیے،وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ’’فلسفہ شہادت امام حسین ؓ ‘‘کے موضوع پرمنعقدہ فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ الحاج امداد اللہ قادری،ناظم علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر،علامہ عثمان سیالوی،علامہ امداد اللہ شاہ، مفتی خلیل حنفی علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد لطیف مدنی ودیگر علماء بھی موجود تھے،فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ اسلام سماجی مساوات اور انسانی عظمت کا سب سے بڑا داعی ہے، عفو و در گزر کا پیغام دیتا ہے،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے مذہبی اور سیاسی نصاب کو تبدیل کریں،نفرتوں اور تنازعوں کی جلتی ہوئی آگ بجھانا ہوگی،امت مسلمہ ذلت و رسوائی سے چھٹکارا پانا چاہتی ہے تو اسے شعار حسینیؓ اپنانا ہوگا، علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ کربلا میں نواسہ رسول ایسا انقلاب لائے جس نے انسانیت کو جینا سکھا دیا، انسانی تاریخ کے سب سے بڑے شجاع نے صبر کو قوت بنا کر یزیدیت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر کے اسے مرکز ملامت و ندامت بنا دیا، نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی شہادت اسلام اور انسانیت کی بقا کے لیے تھی،آپ علیہ السلام کی جدوجہد دین اسلام ،انسانی اقدار اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تھی،حسینی امن پسندی نے کربلا میں یزیدی دہشتگردی کو شکست دی،محرم الحرام عبادت،ایثار،تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے،محرم الحرام کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے،اسوئہ شبیری کو اپنی ذات،خاندان اور سوسائٹی پر پوری طرح نافذ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں